عامر خان کی سزا کیخلاف اپیل کی سماعت‘ وکیل کو آخری مہلت
کراچی (وقائع نگار) سندھ ہائیکورٹ میں ایم کیو ایم رہنما عامر خان کی سزا کے خلاف اپیل کی سماعت ‘عدالت نے عامر خان کے وکیل کو دلائل کی آخری مہلت دیتے ہوئے سماعت ملتوی کردی ہے۔ پیر کو سندھ ہائی کورٹ میں ایم کیوایم رہنما ملزم عامر خان پیش ہوئے۔ عدالت کا کہنا تھا کہ عامر خان کی اپیل 2003ء سے زیر التوا ہے جبکہ عدالت میں بتایا گیا کہ سینئر وکیل محمود عالم رضوی دوسری عدالت میں مصروف ہیں مہلت دی جائے جس پرعدالت نے عامر خان کے وکیل کو دلائل کے لیے تیاری کی آخری مہلت دیتے ہوئے سماعت ملتوی کر دی ۔ عامر خان اور دیگر پر متحدہ کے کارکن انعم عزیز کے قتل کا الزام ہے‘اس وقت عامر خان ایم کیو ایم حقیقی کے جنرل سیکرٹری تھے‘ماتحت عدالت نے عامر خان کو دس سال سزا سنائی تھی جبکہ شریک ملزم ناظم کالا کی سزا معطل کرکے دوبارہ سماعت کیلئے ماتحت عدالت بھیجا جاچکا ہے۔ سندھ ہائی کورٹ میں سماعت کے بعد عامر خان نے میڈیا سے غیر رسمی گفتگو میں کہا کہ وزیراعظم عمران خان کا پہلا دورہ تھا۔پی ٹی آئی سے معاہدوں ‘مردم شماری‘مارٹن کوارٹرز‘ ایم کیو ایم دفاتر اور کے پی ٹی جیسے مسائل پر بات ہوئی‘ وزیراعظم عمران خان نے مسائل حل کرنے کی یقین دہانی کرائی ہے۔ ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ تیسرے وزیر کے لیے امین الحق کا نام دیا گیا ہے۔امین الحق کو سمندر پار پاکستانیوں سے متعلق وزارت پر بات چیت جاری ہے۔