کوہلو: آپریشن ردالفساد، تخریب کاری کا منصوبہ ناکام، بھار ی تعداد میں اسلحہ، بارود برآمد
کوئٹہ(بیورو رپورٹ) خاران میںنامعلوم افراد کے دستی بم حملے میں 8افرادزخمی ہوگئے۔پولیس کے مطابق پیر کی رات خاران بازار میں نامعلوم افراد نے گشت پر مامور سیکورٹی فورسز کی گاڑی پر دستی بم پھینکا جو روڈ پر گر کردھماکے سے پھٹ گیا جس سے 8شہری محمد اقبال، نور احمد، کامران، شوکت علی، گل محمد، زبیر احمد، عید محمد او راور نگ زیب زخمی ہوگئے جنہیں فوری طورپر خاران ہستپال منتقل کردیا گیا جہاں 2 زخمیوں کو ابتدائی طبی امداد کے بعد تشویشناک حالت میں کوئٹہ ریفر کردیا گیا۔ دستی بم حملے میں سکیورٹی فورسز کے اہلکار محفوظ رہے۔ واقعہ کے بعد فرنٹیر کور بلوچستان ،پولیس اور لیویز نے پورے علاقے کو گھیرے میں لیکرنامعلوم ملزمان کی تلاش شروع کردی ہے۔ علاوہ ازیں ایف سی نے کوہلو میں آپریشن ردالفساد کے تحت تخریب کاری کا منصوبہ ناکام بنایا، دہشت گردوں کے ٹھکانے سے بھاری تعداد میں اسلحہ اور گولہ بارود برآمد۔ فرنٹئیر کور بلوچستان نے آپریشن ردالفساد کے تحت خفیہ اطلاع پر کوہلو میں تخریب کاری کا بڑا منصوبہ ناکام بنایا۔ کالعدم تنظیم کے دہشت گردوں کی موجودگی کی اطلاع پر کارروائی کے دوران دہشت گردوں کے ٹھکانے سے بھاری تعداد میں اسلحہ اور گولہ بارود برآمد کیا گیا۔ قبضے میں لیے گئے اشیاء میں 4 عدد میزائل، 11 عدد مارٹر بم، ایک عدد آر پی جی سیون راکٹ، سینکڑوں رائونڈز اور بارود شامل ہے۔