واپڈا اور چائنہ کی انجینئرنگ کمپنی کے درمیان منگلا اپ گریڈیشن کے معاہدے پر دستخط
لاہور(نیوزرپورٹر)واپڈااور چائنا سی میک (CMAC)انجینئرنگ کمپنی کے درمیان منگلا اپ گریڈیشن منصوبے کے پیکیج 9-کے معاہدے پر دستخط کئے گئے۔ اس معاہدے کی مالیت تقریباً ایک ارب 68کروڑ روپے ہے۔ یہ پیکیج منگلا سوئچ یارڈ کی اپ گریڈیشن پر مشتمل ہے۔معاہدے پرد ستخط کرنے کی تقریب آج واپڈا ہائوس میں منعقد ہوئی۔ واپڈا کے جنرل منیجر (ہائیڈل) ڈویلپمنٹ اور ممبر (پاور) انجینئر محمد ارشد چوہدری اور چائنا سی میک انجینئرنگ کمپنی کی بزنس منیجر لیانگ ژیائو فونگ نے معاہدے پر دستخط کئے۔ واپڈا کے سینئر آفیسرز ، کنسلٹنٹس اور کنٹریکٹرز کے نمائندے بھی اس موقع پر موجودتھے۔واپڈا ، منگلا ہائیڈل پاور سٹیشن کی اپ گریڈیشن منصوبے پر کام کررہا ہے۔ منصوبے کا منظور شدہ پی سی - وَن، 52ارب 22کروڑ 40لاکھ روپے پر مشتمل ہے ۔ منگلا اپ گریڈیشن منصوبے کی تکمیل پر منگلا ہائیڈل پاور سٹیشن کی موجودہ پیداواری صلاحیت ایک ہزار میگاواٹ سے بڑھ کر ایک ہزار 310میگاواٹ ہوجائے گی۔ منگلا اپ گریڈیشن پراجیکٹ کو 11مختلف پیکجز میں تقسیم کیا گیا ہے۔ آج ایوارڈ کئے گئے پیکیج 9کے علاوہ پانچ مختلف پیکجز پہلے ہی ایوارڈ کئے جاچکے ہیں جن پر کام جاری ہے۔منگلا اپ گریڈیشن منصوبے کو مختلف مراحل میں مکمل کیا جائے گا جس کے تحت ایک وقت میں صرف ایک سرنگ یعنی دو پیداواری یونٹوں کو بند کرکے اُن کی اپ گریڈیشن کی جائے گی۔ پہلے دویونٹوں کی اپ گریڈیشن کاکام 2019ء میں مکمل ہوگا ، جبکہ تمام 10پیداواری یونٹوں کی اپ گریڈیشن 2024ء تک مکمل ہوجائے گی۔ یو ایس ایڈ منگلا اپ گریڈیشن پراجیکٹ کے لئے 150ملین ڈالر بطور گرانٹ اور فرانسیسی مالیتی ادارہ اے ایف ڈی 90 ملین یورو بطور قرضہ مہیا کررہے ہیں جبکہ بقیہ رقم کا انتظام واپڈا قرضوں اور اپنے وسائل کے ذریعے کررہا ہے۔