بیک وقت طلاق ثلاثہ کو قابل تعزیر جرم قراردینا ناقابل فہم ہے:اشرف آصف جلالی
لاہور(خصوصی نامہ نگار)تحریک لبیک یا رسول اللہ ﷺوتحریک لبیک اسلام کے سربراہ ڈاکٹر محمد اشرف آصف جلالی نے آج اخبارات میں اسلامی نظریاتی کونسل کی طرف سے تین طلاقوں کے بارے میں چھپنے والے بیان پر رد عمل کا اظہار کرتے ہوئے کہا اسلامی نظریاتی کونسل کا بیک وقت تین طلاقوں کو قابل تعزیر جرم قرار دینا سمجھ سے بالا تر ہے ۔شرعی طور پر نا پسندیدہ مگر جائز عمل کو جرم قرار دینا خود ایک غیر شرعی امر ہے ۔جو کام شریعت میں جائز اور مباح ہواس پر سزا دینا قرآن وسنت کے منافی ہے۔تین طلاقوں کی روک تھام کیلئے معاشرے میں شرعی طریقہ اُجاگر کیا جائے اور اشٹام فروشوں کی تربیت کی جائے جنہوں نے مخصوص الفاظ تین طلاقوں کے لحا ظ سے یاد کیے ہوئے ہیں۔اور جو بھی ان کے پاس جاتا وہ وہی گردان لکھ دیتے ہیں۔اسلامی نظریاتی کونسل اپنے نام کے تقدس کو ملحوظ خاطر رکھے اور غیر شرعی قانون سازی کیلئے سفارشات مرتب نہ کریں ۔