• news

جنگی جنون: بھارت نے پاکستانی‘ بنگلہ دیشی سرحدوں پر اسرائیلی طرز کی نئی سمارٹ باڑ لگانا شروع کر دی

جموں (صباح نیوز) بھارت کے وزیرِ داخلہ راجناتھ سنگھ نے مقبوضہ کشمیر کے جموں علاقے میں بھارت پاکستان سرحد پر ایک نئی فینسنگ یا باڑ کے دو آزمائشی منصوبوں کا افتتاح کیا۔ بھارت کے سرحدی حفاظتی دستے بارڈر سکیورٹی فورس یا بی ایس ایف کے عہدیداروں نے بتایا کہ اس سمارٹ فینسنگ میں جدید ترین ٹیکنالوجی استعمال کی گئی ہے۔ وزیر داخلہ نے کہا کہ انہوں نے اسرائیل کے اپنے ایک دورے کے دوران اس طرح کی ٹیکنالوجی کو استعمال میں دیکھا تھا اور اب اسے بھارت میں بھی آزمایا جارہا ہے۔ سرحدوں کی حفاظت کو نقائص سے پاک بنانا ہم سب کیلئے بہت اہم ہے۔ بی ایس ایف کا کہنا ہے کہ آزمائشی طور پر شروع کئے گئے ان دو منصوبوں سے سرحد کے ساڑھے پانچ کلومیٹر حصوں کا احاطہ ہو گا۔ یہ بھارت میں اپنی نوعیت کا پہلا اعلی ٹیکنالوجی کا نگرانی کرنے والا سسٹم ہے جو ان کے بقول زمین، پانی اور یہاں تک کہ ہوا اور زیر زمین بھی ایک نہ دکھائی دینے والی برقیاتی رکاوٹ پیدا کرے گا۔ انہوں نے مزید بتایا کہ یہ پوشیدہ باڑ سرحد پار سے بالخصوص انتہائی دشوار علاقوں سے دراندازی اور دوسری غیر قانونی سرگرمیوں کو روکنے کی کوششوں میں مددگار ثابت ہو گی۔ بی ایس ایف عہدیداروں کے مطابق اس نئی باڑ میں نگرانی کے لئے سٹیٹ آف دی آرٹ سرویلنس ٹیکنالوجی استعمال کی گئی ہے جو زمین کے اوپر سے یا سرنگوں کے ذریعے کی جانے والی در اندازی کے بارے میں فوری اطلاع دے گی۔ باڑ میں تھرمل امیجر، انفراریڈ اور لیزر پر مبنی چوکس کرنے والے آلات نصب ہوں گے- وزیر داخلہ نے کہا کہ بھارتی ریاست آسام میں بھی بنگلہ دیش کے ساتھ لگنے والی سرحد کے تقریبا" ساٹھ کلومیٹر کے حصے پر اسی طرح کی باڑ لگائی جارہی ہے۔ راجناتھ سنگھ نے کہا کہ بھارت نے پاکستان اور بنگلہ دیش سے لگنے والی سرحدوں کے دو ہزار چھبیس کلومیٹر حصے پر جسے وہ غیر محفوظ سمجھتا ہے اسی ٹیکنالوجی کے تحت سمارٹ باڑ لگانے کا منصوبہ تیار کیا ہے۔ عہدیداروں نے بتایا کہ متنازعہ کشمیر کو تقسیم کرنے والی 745 کلو میٹر لمبی حد بندی لائن کے کئی حصوں کو بھی اس منصوبے کے تحت لایا جائے گا۔

ای پیپر-دی نیشن