• news

سپریم کورٹ نے فوجی عدالت سے سزائے موت پانیوالے 4 ملزموں کی پھانسی روک دی

اسلام آباد (این این آئی) سپریم کورٹ نے ملٹری کورٹ سے سزائے موت پانے والے چار ملزموں کی سزا پر عمل درآمد روک دیا ہے۔ کیس کی سماعت جسٹس عظمت سعید کی سربراہی میں تین رکنی بینچ نے کی۔ عدالت عظمیٰ نے ملٹری کورٹ سے سزائے موت پانے والے چاروں ملزمان کی سزا پر عمل درآمد روکتے ہوئے اٹارنی جنرل سمیت فریقین کو نوٹسز جاری کر دئیے ہیں جبکہ جسٹس عظمت سعید نے معاملہ لارجر بینچ کیلئے چیف جسٹس کو بھجوا دیا ہے۔ ملٹری کورٹ سے سزائے موت پانے والے ملزمان میں محمد شیر، اسرار احمد، عبدالمجید اور محمد عمر شامل ہیں۔ محمد شیر کو فوجی عدالت نے سوات میں سرکاری سکول جلانے پر سزائے موت سنائی، اسرار احمد اور عبد المجید کو مالم جبہ میں پی ٹی ڈی سی موٹل جلانے پر سزائے موت سنائی گئی جبکہ بٹ گرام کے محمد عمر کو دہشت گردی کے الزام پر سزائے موت کا حکم سنایا گیا۔

ای پیپر-دی نیشن