کوئٹہ، دہشت گردوں کی فائرنگ سے 2 لیویز اہلکار شہید، ایک شدید زخمی
کوئٹہ، ٹیکسلا، حیدر آباد (بیورو رپورٹ+ آئی این پی+ ) قلعہ سیف اللہ میں دہشت گردوں کی فائرنگ سے 2 لیویز اہلکار شہید جبکہ ایک زخمی ہوگیا۔ لیویز ذرائع کے مطابق منگل کی شب قلعہ سیف اللہ بازار میں سرکٹ ہائوس کے قریب نامعلوم دہشت گردوں نے فائر نگ کر کے2 لیویز اہلکاروں اکرم خان اور محمد کبیر کو شہید کردیا جبکہ تیسرا اہلکار شدید زخمی ہوگیا۔ فائرنگ کے بعد حملہ آور فرار ہونے میں کامیاب ہوگئے۔ واقعہ کی اطلاع ملتے ہی لیویز، ایف سی اور پولیس کی بھاری نفری جائے وقوعہ پر پہنچ گئی اور نعشوں کو ہسپتال منتقل کردیا۔ سکیورٹی فورسز نے جائے وقوعہ سے شواہد اکٹھے کرکے حملہ آوروں کی تلا ش شروع کردی ہے۔ واضح رہے کہ قلعہ سیف اللہ میں تین روز کے دوران لیویز اہلکاروں پرحملے کا یہ دوسرا واقعہ ہے۔دریںاثنا سی ٹی ڈی نے ٹیکسلا میں کاررروائی کرکے 5 دہشت گردوں کو دھماکہ خیز مواد سمیت گرفتار کر لیا،دہشت گردوں سے خودکش جیکٹ،4 دستی بم،وال بیرنگ اور اسلحہ برآمدکر لیا گیا۔سی ٹی ڈی کے مطابق دہشت گرد اٹک اورنوشہرہ میں ہونے والے خودکش دھماکوں میں ملوث ہیں۔ دوسری طرف حیدرآباد میں بھی پولیس دہشت گردی کا منصوبہ ناکام بناتے ہوئے 2 دہشت گرد گرفتار کرلئے۔ ملزمان کے قبضہ سے ٹی ٹی پسٹل کے علاوہ ایک 5کلو وزنی دیسی ساختہ بم اور 4ہینڈ گرنیڈز برآمد ہوئے۔