منڈی بہاء الدین: نہر سے ہاتھ پائوں بندھی 2نعشیں برآمد، ہسپتال میں جانور نوچتے رہے
منڈی بہاء الدین (نامہ نگار) بوری بند نعشوں کا سلسلہ نہ رک سکا۔ رسول پاور ہائوس کے قریب نہر جہلم کے مقام سے دو افراد کی بوری بند نعشیں ملیں۔ پولیس تھانہ صدر کے مطابق دونوں مرد جن کی عمریں 40 اور 50 کے درمیان ہیں۔ دونوں کے ہاتھ اور پائوں رسیوں سے بندھے ہوئے تھے۔ پولیس چوکی رسول نے بوری سے نعشیں باہر نکال کر انکی جامہ تلاشی لی لیکن شناخت نہیں ہو سکی۔ نعشیں زیادہ دیر پانی میں رہنے کے باعث مسخ ہوگئیں تھیں۔ پولیس نے نعشوںکو پوسٹمارٹم کے لئے ڈی ایچ کیو ہسپتال منتقل کردیا۔ جہاں زمین پر رکھے جانے کی وجہ سے نعشوں پر آوارہ جانور ٹوٹ پڑے اور کسی کو زحمت گوارہ نہیں ہوئی کہ نعشوں کو اونچی جگہ پر رکھ دے تاکہ انکی بے حرمتی نہ ہوسکے۔ پولیس تھانہ صدر نے تفتیش شروع کر دی۔ تاہم پوسٹمارٹم کے بعد قتل کی وجوہات سامنے آئیں گی۔ یاد رہے اسی مقام سے اس سے قبل وقفہ وقفہ سے سات لاشیں پولیس کو ملی اور انکے بھی ہاتھ پائوں بندھے ہوتے تھے اور بوری میں بند کرکے انہیں نہر میں پھینکا گیا تھا لیکن اب تک ملنے والی تمام نعشوں کی شناخت نہیں ہوسکی۔ قانون نافذ کرنے والے ادارے بے بس نظر آرہے ہیں۔