بھارت: جہیز نہ ملنے پر سسرالیوں نے سابق ریاستی وزیر سنگیتا کو آگ لگا دی
جونپور(آئی این پی)بھارت کی سابق ریاستی وزیر سنگیتا کو سسرال والوں نے زندہ جلا ڈالا، ساس ،سسر اور شوہر گرفتار کر لئے گئے، سسرال نے جہیز کا مطالبہ پورا نہ کرنے پر انتہائی قدم اٹھایا۔بھارتی میڈیا کے مطابق سابق ریاستی وزیر، معروف فوک سنگر اور للت کلا اکیڈمی کی سابق نائب صدر سنگیتا یادو بری طرح جھلس گئیں۔ انہیں فورا جونپور کے پرائیویٹ اسپتال میں داخل کرایا گیا۔ڈاکٹروں کے مطابق ان کی حالت خطرے سے باہر ہے۔ سنگیتا نے الزام لگایا کہ شوہر ، ساس اور سسر نے جہیز کے لالچ میں جلاکر مارنے کی کوشش کی۔سنگیتا کے بھائی نے جہیز کے مطالبے کا کیس درج کرایا جس پر پولیس نے کارروائی کرتے ہوئے ساس، سسر اور شوہر کو گرفتار کرلیا۔مچھلی شہر علاقے کے کٹھہت خاص کی رہنے والی سنگیتا یادو ، اکھلیش حکومت میں للت کلا اکیڈمی کی نائب صدر تھیں اور انہیں ریاستی وزیر کا درجہ حاصل تھا۔گزشتہ روز وہ کمرے میں سورہی تھیں کہ سسر اور ساس نے بستر پر پٹرول چھڑک کر آگ لگا دی جس سے وہ بری طرح جھلس گئیں۔ آگ لگنے پر سنگیتا کے چیخنے کی آواز سن کر جیٹھانی اور ان کے بچوں نے آکر آگ بجھائی۔ایس پی دینیش پال سنگھ نے بتایا کہ سنگیتا یادو کے بھائی دھرمیندر یادو کی شکایت پر ان کی سسرال کے لوگوں کو گرفتار کرلیا گیا۔