گگومنڈی: میپکو آفس حملہ‘ ضلعی صدر کسان اتحاد سمیت 400 افراد کیخلاف مقدمہ درج
گگو منڈی + بورے والا(نامہ نگار+ نما ئندہ نوا ئے وقت) میپکو آ فس پر حملہ، توڑ پھوڑ 5 ملازمین کو زخمی کرنے، سرکاری ریکارڈ کو جلانے کے الزام میں ضلعی صدر کسان اتحاد سمیت 400سے زائد افراد کے خلاف دہشت گردی کی دفعات کے تحت مقدمہ درج کر لیا گیا۔ تفصیلات کے مطابق میپکو ڈویژن بورے والا کی طرف سے نادہندگان کے بجلی کے کنکشن منقطع کرنے کے خلاف گزشتہ روز ضلعی صدر کسان اتحاد ملک ذوالفقار اعوان کی زیر قیادت سینکڑوں مظاہرین نے میپکو آ فس پر پولیس کی موجودگی میں حملہ کر دیا اور مبینہ طور پر ملک ذوالفقار اعوان کے اشتعال انگیز خطاب کے بعد ایک شخص نے ٹریکٹر کی ٹکر مار کر بیرونی گیٹ توڑ دیا اور ڈنڈوں آہنی راڈز سے مسلح سینکڑوں افراد نے دفتر میں داخل ہو کر میپکو ملازمین پر تشدد شروع کر دیا جس کے نتیجہ میں لائن سپریننڈنٹ شاہد پرویز، اسسٹنٹ لائن مین محمد داس، لائن مین کاشف عثمان، عبدالمنیر، لال حسین، ساجد حمید سمیت درجنوں ملازمین شدید زخمی ہو گئے جن میں سے زخمی ملازمین کی اکثریت سر میں ڈنڈے لگنے سے بے ہوش ہو کر گر گئے۔ حملہ آوروں نے میپکو آ فس کے احاطہ میں کھڑی سرکاری اور نجی گاڑیوں اور موٹر سائیکلوں کو بھی توڑ پھوڑ دیا سرکاری ریکارڈ کو جلا ڈالا اور ایکسین اور ایس ۔ڈی ۔ اوز کے دفاتر تباہ کر دیئے۔ اس دوران مقامی پولیس کی بھاری نفری بھی میپکو آ فس میں موجود تھی۔ میپکو ملازمین نے اپنی مدد آپ کے تحت بے ہوش اور زخمی میپکو اہلکاران کو تحصیل ہیڈ کوارٹر پہنچایا۔ پولیس نے ایس ۔ڈی ۔او سٹی سب ڈویژن منیر حسین کی اطلاع پر زیر دفعہ 7ATA.336.427.342.148.149.186ت۔ پ400سے زائد افراد کے خلاف درج کر لیا ہے۔