پاکستان افغانستان کی تقدیریں آپس میں ملی ہوئی ہیں، جنگ کا خاتمہ مذاکرات سے ممکن ہے: ملیحہ لودھی
نیو یارک(آئی این پی) پاکستان کی اقوام متحد ہ میں مستقل مندوب ملیحہ لودھی نے کہا ہے کہ افغانستان میں طویل جنگ کا خاتمہ مذاکرات کے ذریعے ہی ممکن ہے‘ پاکستان اور افغانستان کی تقدیریں آپس میں ملی ہوئی ہیں‘امن و استحکام کیلئے پاک افغان ایکشن پلان جامع مذاکرات کیلئے فریم ورک ہے‘لچک نہ دکھائی گئی تو سیاسی حل کیلئے سنجیدہ مذاکرات التواء کا شکار ہو سکتے ہیں۔اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل میں خطاب کرتے ہوئے ملیحہ لودھی کا کہنا تھا کہ پاکستان اور افغانستان کی تقدیریں آپس میں ملی ہوئی ہیں، ایسی علامات ہیں کہ افغانستان کی طویل جنگ کا مذاکرات کے ذریعے خاتمہ ممکن ہے۔انہوں نے مزید کہا موقع کا فائدہ اٹھانے کی ذمہ داری ان پر ہے جو افغان تنازعہ میں براہ راست شریک ہیں۔ ملیحہ لودھی کا مزید کہنا تھا لچک نہ دکھائی گئی تو سیاسی حل کے لیے سنجیدہ مذاکرات التواء کا شکار ہو سکتے ہیں۔ داعش اور اس کے زیر اثر گروہوں سے افغانستان اور اس کے پڑوسیوں ہی نہیں دنیا کو خطرہ ہے۔پاکستان کی اقوام متحدہ میں مستقل مندوب نے کہا کہ امن و استحکام کے لیے افغانستان پاکستان ایکشن پلان جامع مذاکرات کے لیے فریم ورک ہے۔