ساہیوال: ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن جج کی عدالت میں ہنگامہ آرائی‘ 2 وکلاء سمیت 9 افراد پر مقدمہ
ساہیوال (نامہ نگار+ نوائے وقت رپورٹ) ساہیوال ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن جج کی عدالت میں ہنگامہ آرائی پر دو وکلاء سمیت 9افراد کے خلاف انسداد دہشت گردی کی دفعہ 7اور دیگر دفعات کے تحت مقدمہ درج کر لیا گیا۔ تفصیلات کے مطابق معروف وکیل بلال سعید اور مفتی امجد کی ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن جج رانا مسعود اختر سے ان کی کورٹ میں کسی بات پر تلخ کلامی ہو گئی جس پر عدالت میں توڑ پھوڑ کرنے اور خوف و ہراس پھیلانے کے الزام میں بلال سعید اور مفتی امجد ایڈووکیٹس اور ان کے 6/7نامعلوم ساتھیوں کے خلاف مقدمہ نمبر 120/18تھانہ سول لائن درج کر لیا گیا۔ واقعہ کے فوراً بعد پولیس کی بھاری نفری سیشن کورٹ پہنچ گئی تاہم کسی قسم کا کوئی ناخوشگوار واقعہ نہ ہوا۔ اس واقعہ پر ڈسٹرکٹ بار ایسوسی ایشن ساہیوال بھی دو دھڑوں میں تقسیم ہو گئی مشتعل وکلاء سیشن کورٹ کا گھیرائو کرنا چاہتے تھے لیکن صدر بار اور ان کے حمایتی نے بلال سعید اور ان کے ساتھیوں کو قصور وار ٹھہراتے ان کی حمایت کرنے سے انکار کر دیا تھا۔ اب مقدمہ درج ہو نے کے بعد وکلاء اپنا آئندہ لائحہ عمل آج طے کریں گے۔