مقبوضہ کشمیر: نوجوان کی شہادت پر ہڑتال، مظاہرے جاری، یوم عاشورہ کے جلوسوں پر پابندی
سری نگر(کے پی آئی، نیٹ نیوز)مقبوضہ کشمیر میں نوجوانوں کی شہادت پرچوتھے روز بھی مکمل ہڑتال رہی۔ کئی علاقوں میں بھارتی فورسز نے محاصرے اور تلاشی کارروائیاں جاری رکھیں۔مقبوضہ کشمیر کے کئی علاقوں میں محرم الحرام کے جلوس نکالے گئے کٹھ پتلی حکومت نے نو اور دس محرم الحرام کے عزاداری جلوسوں پر پابندی لگا دی ہے، نام نہاد پابندی پر سخت تشویش کا اظہار کیا جارہا ہے ۔ اتحاد المسلمین جموں و کشمیر کے صدر و سینئر حریت رہنما حج الاسلام والمسلمین مولانا مسرور عباس انصاری نے نو اور دس محرم الحرام کے عزاداری جلوسوں پر پابندی کو بلا جواز،مداخلت فی الدین قرار دیتے ہوئے کہا کہ اس سال ہزاروں قدغنوں کا پرواہ کئے بغیر دو بڑے مرکزی جلوسوں کو شان و شوکت کے ساتھ بر آمد کیا جائے گا۔جنوبی کشمیر کے10نوجوانوں کوکورٹ بلوال اور ہیرا نگر جیلوں میں منتقل کر دیا گیا ہے ۔جنوبی ضلع پلوامہ میں عسکریت پسندوں نے سی آر پی ایف کے ایک مقامی کیمپ پر حملہ کیا ، جسکے نتیجے میں فورسز کا ایک اہلکار زخمی ہوگیا ۔ ادھر جنوبی صلع پلوامہ میں تین پنچایت گھر نذر آتش کردیئے گئے ہیں۔سید علی گیلانی، میرواعظ عمر فاروق اور محمدیاسین ملک پر مشتمل مشترکہ حریت قیادت نے قابض انتظامیہ کی طرف سے اعلان کردہ نام نہاد بلدیاتی انتخابات کو مسترد کرتے ہوئے کہا ہے کہ کوئی بھی ڈھونگ انتخابات کشمیریوں کے ناقابل تنسیخ حق ، حق خودارادیت کا نعم البدل نہیں ہو سکتے۔ کشمیرمیڈیاسروس کے مطابق حریت قائدین نے سرینگر میں جاری ایک بیان میں کشمیری عوام سے نام نہاد بلدیاتی اور پنچائتی انتخابات کا مکمل بائیکاٹ کرنے کی اپیل کرتے ہوئے کہا کہ بھارت اپنی فورسز کے ذریعے کشمیری عوام پر ایک ایسا انتخابی عمل مسلط کرنے پر مصر ہے جسے وہ بین الا قوامی سطح پر اپنے حق میں ایک عوامی فیصلے کے طور پر پیش کرنے کی ناکام کوشش کرتا ہے۔بھارتی وزیر داخلہ راجناتھ سنگھ نے مقبوضہ کشمیر کی بھارت نواز جماعتوں نیشنل کانفرنس اور پی ڈی پی سے اپیل کی کہ وہ بلدیاتی اور پنچایتی انتخابات میں حصہ لیں۔ جموں میں پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے راجناتھ سنگھ نے کہابھارت نے پاکستان کے ساتھ رشتے بہتر بنانے کی متعدد بار پہل کی اور وزیر اعظم نریندر مودی اس کام کو انجام دینے کے لئے پروٹوکول توڑ کر پاکستان گئے تھے۔ انہوں نے کہا کہ میں خدا سے دعا کرتا ہوں کہ پاکستان کے نومنتخب وزیر اعظم عمران خان نے جس تبدیلی کا وعدہ کیا ہے، وہ تبدیلی آئے۔