شامی آرمی کے میزائل سے روسی فوجی طیارہ تباہ، 15اہلکار ہلاک
دمشق+ ماسکو (صباح نیوز+ اے ایف پی+ بی بی سی) شام میں روس کا فوجی طیارہ حادثاتی طور پر میزائل لگنے سے تباہ ہو گیا۔ 15 اہلکار ہلاک ہو گئے۔ تفصیلات کے مطابق شام کے شہرلتاکیہ میں طیارہ پرواز کے فوری بعد راڈار سے غائب ہوگیا۔ امریکی میڈیا، روسی حکام، اسرائیلی کے مطابق شامی فوج کی جانب سے اسرائیلی حملہ ناکام بنانے کیلئے داغا گیا میزائل اچانک غلطی سے روسی طیارے کو جا لگا۔ روس نے شام میں مار گرائے جانے والے فوجی طیارے کا ذمہ دار اسرائیل کو قرار دیتے خبردار کیا کہ وہ جوابی کارروائی کا حق رکھتا ہے۔ روسی وزارتِ خارجہ نے ماسکو میں اسرائیلی سفیر کو طلب کیا ہے۔ روسی وزیر خارجہ سرگئی لائوروف نے اسرائیلی سفیر کو بتایا کہ جہاز میں سوار 15 روسی اہلکاروں کی ہلاکت کی مکمل ذمہ داری اسرائیل پر عائد ہوتی ہے۔ جبکہ پیوٹن نے کہا اسرائیلی جیٹ نے ہمارے طیارے کو نشانہ نہیں بنایا۔ یہ المناک حادثہ ہے۔ متاثرہ خاندانوں سے تعزیت کی۔ روس کی وزارت دفاع، فوجی ترجمان کا کہنا ہے کہ اسرائیل کے جنگی جہازوں نے آئی ایل-20 طیارے کو شامی دفاعی نظام کے دائرے کی جانب دھکیلا اور وہ ماسکو کو شام میں اہداف کو نشانہ بنانے کے بارے میں زیادہ واضح انداز میں مطلع کرنے میں ناکام رہا۔ اسرائیل کی فوج کے ترجمان نے الزام لگایا شامی فوج، ایران اور حزب اللہ طیارہ گرانے میں ملوث ہیں۔ جانی نقصان پر افسوس ہوا۔ شام کی طرف سے کوئی بیان سامنے نہیں آیا۔ روسی حکام نے تصدیق کی شامی فورسز نے روسی ساختہ ایس 200- میزائل ڈیفنس سسٹم کے ذریعہ ہمارے طیارے کو نشانہ بنایا۔