• news

سی پیک مخالفین کو کامیاب نہیں ہونے دینگے : چینی صدر....ہر قیمت پر حفاظت کریں گے : جنرل قمر باجوہ

اسلام آباد+ بیجنگ (سٹاف رپورٹر+ نوائے وقت رپورٹ) ڈی جی آئی ایس پی آر کے مطابق آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ نے چینی صدر شی جن پنگ سے ملاقات کی۔ ملاقات میں علاقائی سلامتی کی صورتحال اور چیلنجوں پر بات ہوئی۔ ملاقات کے دوران علاقائی چیلنجز اور ان کے حل پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ آرمی چیف نے چینی صدر سے ملاقات خصوصی دعوت پر کی۔ چینی صدر شی جن پنگ نے کہا کہ پاکستان ہمارا آزمایا ہوا آہنی دوست ہے۔ پاک فوج کا اس پائیدار تعلقات کیلئے اہم کردار ہے۔ چینی صدر نے پاک فوج کی پیشہ ورانہ مہارت کو سراہا۔ چینی صدر نے خطے میں امن کیلئے پاک فوج کی کوششوں کو سراہا۔ چینی صدر نے کہا کہ سی پیک کے مخالفین کو کامیاب نہیں ہونے دیں گے۔ آرمی چیف نے خصوصی دعوت پر چینی صدر کا شکریہ ادا کیا۔ آرمی چیف نے کہاکہ پاکستان خطے میں امن کی اہمیت کو سمجھتا ہے۔ پاکستان نے امن کے حصول کیلئے بہت قربانیاں دیں، ون بیلٹ ون روڈ اور سی پیک کامیاب ہوں گے۔ پاک فوج اقتصادی راہداری کی سکیورٹی کو یقینی بنائے گی، دشمنوں کے منصوبوں کو ناکام بنائیں گے۔ پاکستان چین کے تعاون کو بہت اہمیت دیتا ہے۔ چینی صدر نے کہا کہ چین سٹرٹیجک شراکت دار کی حیثیت سے پاکستان کی حمایت جاری رکھے گا۔ ون بیلٹ ون روڈ انیشئیٹو یا سی پیک کی مخالفت کرنے والے کامیاب نہیں ہوں گے۔ راہداری منصوبہ چین بلکہ خطے اور اس سے آگے امن و استحکام کا ایک قدم ہے۔ آرمی چیف نے علاقائی امن و استحکام میں پاک فوج کی پیشہ ورانہ مہارت، کردار تسلیم کرنے پر چینی صدر کا شکریہ ادا کیا۔ آرمی چیف نے کہا کہ سی پیک بی آر آئی کا فلیگ شپ ہے، تمام مشکلات کے باوجود کامیابی اس کا مقدر ہے۔ پاک فوج ہر قیمت پر سی پیک کی حفاظت یقینی بنائے گی۔ آرمی چیف نے کہاکہ امن کیلئے کام کرتے ہوئے بھی ہمیں طاقت ور رہنا پڑے گا تاکہ ان قوتوں کو ناکام بنایا جائے جو ہمارے عزائم کی راہ میں رکاوٹ بننا چاہتی ہیں اور اس ضمن میں ہم چین کی حمایت کی بہت قدر کرتے ہیں۔
چینی صدر

ای پیپر-دی نیشن