• news

نوازشریف کی رہائی‘ عدالتی فیصلوں کا حکومت سے کوئی تعلق نہیں: فنکار وں کا ردعمل

لاہور (کلچرل رپورٹر) سابق وزیراعظم میاں محمد نوازشریف، مریم نواز اور کیپٹن (ر) صفدر کی سزائیں معطل ہونے کے حوالے سے فنکار برادری نے ملے جلے ردعمل کااظہارکیاہے۔ سینئر اداکار مصطفی قریشی کا کہنا تھا کہ ابھی حتمی فیصلہ نہیں ہوا۔ انہیںضمانت پر رہائی ملی ہے، آگے دیکھیں عدالت کیا فیصلہ دیتی ہے۔ نیب نے بھی اپیل کی ہے۔ اب نئی حکومت بن چکی ہے اور عمران خان وزیراعظم بن چکے ہیںتاہم عدالتوں کے فیصلوں کا حکومت کے ساتھ کوئی تعلق نہیں ہے۔ اب دیکھتے ہیںمیاں نوازشریف خاموشی اختیار کرتے ہیں یا احتجاجی مظاہرے کرتے ہیں۔ انکا کہنا تھا کہ سیاسی جماعتوں کو ملک کے مسائل کے حل کیلئے ایک دوسرے کیساتھ تعاون کرنا چاہئے تاکہ ملک بحرانوں سے نکل پائے اور بیرون ملک سے پیسہ واپس آنا چاہیے تاکہ ملک ترقی کرے اور پاکستان میں خوشحالی آئے۔ اداکارہ زارا اکبر کا کہنا تھا کہ نوازشریف کی سزا کی معطلی سچ کی فتح ہے، اب ثابت ہوگیا کہ وہ بے گناہ ہیں۔ انشاء اللہ حتمی فیصلہ بھی انکے حق میںآئیگا۔ نوازشریف کی قیاد ت میںملک نے ترقی کی۔ مجھے عدالت کا فیصلہ سن کربہت خوشی ہوئی۔ گلوکارہ رابی پیرزادہ کا کہنا تھا کہ نوازشریف، آصف زرداری یا عمران خان کی ضمانتیں تو ہوسکتی ہیں لیکن ہمیں انصاف کب ملے گا۔ ہمیں اپنے بارے میں سوچنا چاہیے۔ ون پائونڈ فش فیم گلوکار شاہد نذیر کا کہنا تھا کہ حق اور سچ کی فتح ہوئی، نوازشریف نہ جھکتا ہے اور نہ ہی بکتاہے۔ انکی لڑائی حق کیلئے تھی اس لئے انکی فتح ہوئی ہے، میری نیک تمنائیں نوازشریف کے ساتھ ہیں۔

ای پیپر-دی نیشن