بھارتی کرکٹرہاردیک پانڈیا انجری کا شکار، مزید میچوں میں شرکت مشکوک
لاہور(سپورٹس رپورٹر+نمائندہ سپورٹس)ایشیا کپ میں جاری پاکستان بھارت ٹاکرا میں بھارتی ٹیم کو شدید دھچکالگ گیا جب آل راونڈر ہردیک پانڈیا کمر کی انجری کے باعث میچ سے باہرہوگئے۔ایونٹ کے بقیہ میچز میں شرکت مشکوک ہوگئی۔وہ پاکستان کے خلاف میچ کے دوران گیند کراتے ہوئے گر پڑے تھے جس سے انہیں کمر کی انجری ہوئی اور انہیں سٹریچر پر گراونڈ سے باہر لے جایا گیا۔بھارتی بورڈکے مطابق ان کی فٹنس کا جائزہ لیا جارہا ہے لیکن قیاس آرائیاں کی جارہی ہیں کہ ان کی ٹورنامنٹ میں مزید شرکت مشکوک ہے جبکہ ٹورنامنٹ میں بھارتی ٹیم کا اگلا میچ کل سپر فور مرحلے میں بنگلہ دیش کے خلاف شیڈو ل ہے۔بورڈ کا کہنا ہے کہ ہاردیک لوئر بیک انجری کا شکار ہوئے، وہ کھڑے ہوسکتے ہیں لیکن ٹورنامنٹ میں ان کی مزید شرکت کا فیصلہ بعد میں کیا جائے گا۔ ماہرین کا کہنا ہے کہ جس طرح انہیں لے جایا گیا ان کی ٹورنامنٹ میں شرکت مشکوک ہے۔واضح رہے کہ پانڈیا کے ان فٹ ہونے کے بعد کیدھرجادھو کو چھٹے بولر کے طور پر استعمال کیا گیا تھا جو 3 وکٹ لینے میں کامیاب ہوئے تھے۔