• news

افغانستان کرکٹ بورڈ کے چیئرمین عاطف مارشل عہدے سے مستعفی

لاہور(سپورٹس ڈیسک) افغانستان کرکٹ بورڈ کے چیئرمین عاطف مارشل نے حکومت کی جانب سے دوسری ذمہ داری دیے جانے کے سبب بورڈ چیئرمین کے عہدے سے استعفیٰ دے دیا ہے۔عاطف نے گزشتہ سال جنوری میں عہدہ سنبھالا تھا اور ان کا بورڈ کے ساتھ پانچ سالہ معاہدہ طے پایا تھا لیکن وہ ساڑھے 3سال قبل ہی اپنی ذمے داریاں چھوڑ گئے۔سابق چیئرمین کی جگہ افغانستان کرکٹ بورڈ کے سابق نائب چیئرمین اور ایڈوائزر عزیزاللہ فضل کو چیئرمین کی ذمہ داری سونپی جائے گی۔عاطف مارشل نے اس بات کی تصدیق کرتے ہوئے کہا کہ افغانستان کی حکومت انہیں دوسری ذمیداریاں دے رہی ہے اور اسی وجہ سے انہیں افغان کرکٹ بورڈ کی چیئرمین شپ کا عہدہ چھوڑنا پڑا اور وہ جلد ہی اپنے نئے مشن پر کام شروع کر دیں گے۔واضح رہے کہ مارشل کے دور میں افغانستان کرکٹ میں کافی بہتری آئی ہے اور انہوں نے ٹیسٹ سٹیٹس بھی حاصل کیا۔افغانستانی ٹیم اس وقت ٹی20 انٹرنیشنل رینکنگ میں آٹھویں نمبر پر موجود ہے جبکہ ون ڈے میں اس کا 10واں نمبر ہے۔

ای پیپر-دی نیشن