نوید عالم کے پی ایچ ایف مخالف بیانات پر انکوا ئری کمیٹی قائم
لاہور(سپورٹس رپورٹر+نمائندہ سپورٹس) پاکستان ہاکی فیڈریشن نے ڈائریکٹر ڈومیسٹک اینڈ ڈویلپمنٹ نوید عالم کی میڈیا میں پی ایچ ایف پالیسی مخالف بیانات سے متعلق انکوائری کمیٹی قائم کردی۔پی ایچ ایف نے کے پی کے ہاکی ایسوسی ایشن کے صدر اور سینئر کانگریس ممبر پی ایچ ایف سید ظاہر شاہ کی سربراہی میں انکوائری کمیٹی قائم کردی۔ انکوائری کمیٹی میںچیئرمین سید ظاہر شاہ کے علاوہ سیکرٹری پنجاب ہاکی ایسوسی ایشن لیفٹیننٹ کرنل (ر) آصف ناز کھوکھر، ایم ڈی کوآرڈینیشن اینڈ ایڈمنسٹریشن پی ایچ ایف میجر (ر) جاوید ارشد خان اور آفس سیکرٹری پاکستان ہاکی فیڈریشن راجہ غضنفر علی شامل ہیں۔صدر پی ایچ ایف برگیڈیئر خالد سجاد کھوکھر کی ہدایات پر بننے والی انکوائری کمیٹی اولمپئین نوید عالم کے 3 ستمبر کو میڈیا میں دیئے گئے متنازعہ بیان سے متعلق شواہد اور حقائق کی تحقیقات کرکے اپنی انکوائری رپورٹ 10 دن تک پاکستان ہاکی فیڈریشن میں جمع کرائے گی۔نوید عالم کو 25 ستمبر کو کمیٹی کے روبرو پیش ہونے کے احکامات بھی جاری کر دیئے گئے۔