• news

یوم عاشور آج عقیدت و احترام سے منایا جائیگا‘ لاہور میں شبیہ ذوالجناح کا مرکزی جلوس نثار حویلی سے برآمد

لاہور(خصوصی نامہ نگار+ نامہ نگار) ملک بھر میں آج یوم عاشور نہایت عقیدت و احترام سے منایا جائے گا، تمام شہروں میں جلوس نکالے جائیں گے، مجالس عزا برپا ہونگی، عزادار ماتم اور زنجیر زنی کریں گے۔ لاہور میں شبیہ ذوالجناح کا مرکزی جلوس نثار حویلی اندرون موچی گیٹ سے گزشتہ شب برآمد ہوگیا، قبل ازیں نثار حویلی میں مجلس عزا ہوئی، قدیم مرثیہ خواں بیلہ برادر نے مرثیہ پڑھا۔ نثارحویلی سے نکلنے والا شبیہ ذوالجناح کا یہ جلوس اپنے قدیمی راستوں سے گزرتا ہوا اذان فجر کے وقت چوک نواب صاحب پہنچا جہاں ماتم اور زنجیر زنی ہوئی۔ اس کے بعد یہ جلوس چوہٹہ مفتی باقر، مسجد وزیر خان، کشمیری بازار اور رنگ محل جائیگا جہاں پر نماز ظہرین ادا کی جائیگی بعدازاں جلوس صرافہ بازار، گمٹی بازار، ڈبی بازار، سید مٹھا، تحصیل بازار، امام بارگاہ مبارک بیگم، بازار حکیماں، فقیر خانہ میوزیم، اونچی مسجد، بھاٹی چوک سے لوئر مال پر کربلا گامے شاہ پہنچ کر اختتام پذیر ہوگا۔ دریں اثناء 9 محرم الحرام کو 9 بجے امام بارگاہ ایوان حیدر نیاز بیگ، 10بجے رات جامع مسجد و مرکزی امام بارگاہ امامیہ کالونی، 11بجے دن جامع مسجد و مرکزی امام بارگاہ امامیہ کالونی ، امام بارگاہ در پنجتن شباب چوک سمن آباد، حیدریہ مسجد شاہدرہ ٹاﺅن اور صبح 9بجے امام بارگاہ کرنل فدا حسین سمیت شادمان قصربتول، اسلام پورہ پانڈو سٹریٹ، وسن پورہ، مغلپورہ، دھرمپورہ، مصری شاہ، شاہدرہ، جوہر ٹاﺅن، ٹیمپل روڈ، گلاب دیوی،جعفریہ کالونی، امامیہ کالونی سمیت دیگر علاقوں سے ذوالجناح کے جلوس بھی برآمد ہوئے۔ راستے میں جگہ جگہ دودھ، چائے، پانی، شربت کی سبیلیں لگائی گئی تھیں اسی طرح مختلف اقسام کے کھانے بھی بطور نیاز تقسیم کئے جاتے رہے۔ نواسہ رسول حضرت امام حسین ؓ اور ان کے جانثار ساتھیوں کو خراج تحسین پیش کرنے کیلئے مساجد اور مدارس میں کانفرنسیں اور قرآن خوانی کا بھی اہتمام کیاگیا ہے۔ اس موقع پر سکیورٹی کے سخت انتظامات کئے گئے تھے اور پولیس کی بھاری نفری تعینات رہی۔ لاہور فیصل آباد سمیت ملک کے کئی شہروں میں موبائل فون سروس بند رہی ڈبل سواری پر بھی پابندی عائد تھی موبائل فون سروس آج بھی بند رہے گی۔
یوم عاشور

ای پیپر-دی نیشن