ایشین ٹیم سنوکر : پاکستان اے اور بی ٹیمیں کوارٹرفائنل میں پہنچ گئیں
اسلام آباد (سپورٹس رپورٹر) قطر کے دارالحکومت دوہا میں جاری ایشین ٹیم سنوکر چیمپئن شپ کے دوسرے روز پاکستان ”اے“ ٹیم اور پاکستان ”بی“ نے شاندار کھیل کا مظاہرہ کرتے ہوئے چیمپئن شپ میں اپنی پیش قدمی جاری رکھی۔ پہلے میچ میں پاکستان ”بی“ ٹیم جو محمد بلال اور محمد ماجد پر مشتمل تھی، نے ویت نام کی ٹیم کو 3-0 سے شکست دی۔ پہلا سنگل محمد بلال نے 58-57 سے، دوسرا سنگل محمد ماجد علی نے 64-38 سے جیتا جبکہ ڈبلز میں محمد بلال اور محمد ماجد علی نے ویت نامی کھلاڑیوں کو 63-14 سے شکست دی۔ ڈبلز میں ماجد علی نے 57 کی نصف سنچری بریک بھی کھیلی۔ دوسرے میچ میں پاکستان ”اے“ ٹیم نے سری لنکا کو 3-0 سے شکست دے کر کوارٹرفائنل کھیلنے کا اعزاز حاصل کر لیا۔ پہلا سنگل بابر مسیح نے 67-13 سے، دوسرا سنگل محمد آصف نے 60-48 سے جبکہ ڈبلز بابر مسیح اور محمد آصف نے 71-01 سے جیت لیا۔ ڈبلز میں بابر مسیح جنہوں نے گزشتہ روز بھارت کے خلاف سنگل میں 119 کی سنچری بریک کھیلی تھی، نے آج سری لنکن ٹیم کے خلاف 70 کی بریک کھیلی۔ کوارٹرفائنلز میچز میں پاکستان ”اے“ کا میچ ایران سے اور پاکستان ”بی“ ٹیم کا میچ ہانگ کانگ سے ہو گا۔ چیمپئن شپ کے سیمی فائنل اور فائنل آج جمعہ کو کھیلے جائیں گے۔