نوید عالم کا پی ایچ ایف کی انکوائری کمیٹی پر عدم اعتماد کا اظہار
لاہور(سپورٹس رپورٹر+نمائندہ سپورٹس) نوید عالم نے پی ایچ ایف کی انکوائری کمیٹی پر عدم اعتماد کا اظہار کردیا اور کہا ہے کہ فیڈریشن ملازمین پر مشتمل کمیٹی سے انصاف کی توقع نہیں۔ نوید عالم نے پاکستان ہاکی فیڈریشن کی طرف سے ظاہر شاہ کی سربراہی میں بننے والی انکوائری کمیٹی پر ہی سوالات اٹھا دیئے۔ سابق اولمپئن کا کہنا ہے کہ کمیٹی میں شامل ایک ممبر کرنل (ر) آصف ناز کھوکھر صدر فیڈریشن بریگیڈیئر (ر) خالد سجاد کھوکھر کا حقیقی بھائی ہے جبکہ 2 ارکان میجر ارشد خان اور آفس سیکرٹری راجہ غضنفر علی فیڈریشن کے باقاعدہ ملازم ہیں، ان افراد کے ہوتے ہوئے انصاف کی امید کیسے کی جاسکتی ہے؟ میں تو گزشتہ کئی ہفتوں سے یہی درخواست کر رہا ہوں کہ قومی ٹیم کی ایشین گیمز سمیت عالمی ایونٹس میں عبرت ناک شکستوں اور پی ایچ ایف میں ہونے والی مالی بدعنوانیوں کی ضرور انکوائری کی جانی چاہیے اور جو بھی قصور وار ہے اس کے خلاف سخت کارروائی کی جائے۔نوید عالم نے تجویز دی کہ پی ایچ ایف کی انکوائری کمیٹی میں وزیر اعظم ہاوس، وزارت برائے بین الصوبائی رابطہ امور، پاکستان سپورٹس بورڈ، پنجاب سپورٹس بورڈ، پاکستان اولمپک ایسوسی ایشن کے نمائندوں اور دو سابق اولمپئنز پر مشتمل کمیٹی قائم کی جانی چاہیے جو معاملات کا باریک بینی کے ساتھ جائزہ لے کر ذمہ داران کو منطقی انجام تک پہنچائیں۔ کمیٹی نے نوید عالم کو 25 ستمبر کو طلب کر رکھا ہے۔