• news

بھارت کیخلاف میچ سے قبل قومی کرکٹرز پرائیویٹ پارٹیوں میں مزے کرتے رہے

لاہور(رپورٹ : چودھری اشرف) ایشیا کپ میں بھارت کے خلاف پاکستان ٹیم کی شکست وجہ کھلاڑیوں کی آف دی فیلڈ سرگرمیاں بنیں، کھلاڑیوں نے بھارت کے خلاف اہم میچ سے قبل پرائیویٹ پارٹیوں میں شرکت کے ساتھ ساتھ سوشل میڈیا پر اپنے آپ کو مصروف رکھا، کسی نے بھارت اور ہانگ کانگ کی ٹیموں کے درمیان ہونے والے میچ دیکھنا بھی گوارا نہ کیا۔ ٹیم کے بعض کھلاڑیوں نے میچ کے اوقات میں مختلف شاپنگ سنٹرز کی سیر کی جبکہ بعض کھلاڑی اپنے قریبی دوستوں کے پاس کھانے کے لیے گئے ہوئے تھے۔ پاکستان کرکٹ ٹیم کے منیجر طلعت علی نے بھی اس تمام صورتحال میں کھلاڑیوں کو مکمل چھٹی دے رکھی تھی جس کا کھلاڑیوں نے خوب فائدہ بھی اٹھایا۔ پاکستان ٹیم کے تین کھلاڑی ماڈنگ میں مصروف رہے جن میں سابق کپتان شعیب ملک، فاسٹ باولر محمد عامر اور حسن علی شامل ہیں ہیرسٹائل بنانے والی کمپنی کے تشہری مہم کا حصہ بنے رہے۔ پاکستان ٹیم کی بھارت کے خلاف بدترین شکست کے بعد ٹیم مینجمنٹ نے سپر فور مرحلے میں ایک مرتبہ پھر بھارت سمیت دیگر ٹیموں کے خلاف اچھی کارکردگی دکھانے کے لیے سر جوڑ لیے ہیں اس سلسلہ میں کھلاڑیوں سے بھی ان کے غیر ذمہ دارانہ شارٹس کھیلنے کی وجوہات پوچھی جا رہی ہیں۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ امام الحق جنہوں نے ابتدا میں ہی وکٹوں سے باہر نکلتے ہوئے بڑی شارٹ کھیلنے کی کوشش میں وکٹ کیپر دھونی کو اپنا کیچ دے دیا انہیں پوچھا گیا ہے کہ انہیں کس بات کی جلدی تھی۔ آئی سی سی چیمپیئنز ٹرافی کے فائنل میں بھارت کے خلاف سنچری سکور کرنے والے فخر زمان ایشیا کپ میں بھارت کے خلاف آف کلر دکھائی دیئے اور ایک غیر ضروری شارٹ کھیلنے کی کوشش میں آوٹ ہو گئے۔ ٹیم مینجمنٹ نے پاکستان ٹیم کے کپتان سرفراز احمد جن کی گذشتہ کئی میچوں میں کارکردگی سوالیہ نشان بنی ہوئی ہے ان سے بھی وضاحت طلب کی ہے۔ ٹیم مینجمنٹ کا سرفراز احمد کو کہنا تھااگر آپ کو پانچ یا چھٹے نمبر پر بیٹنگ میں کوئی مسئلہ ہے تو آپ نمبر تین کی پوزیشن پر آ کر کھیلنے کے تیار ہو جائیں جس پر کپتان کے پاس کوئی جواب نہیں تھا کیونکہ سرفراز احمد خود ایک غیر ذمہ دارانہ شارٹ کھیلتے ہوئے کیچ آوٹ ہوئے تھے۔ باولنگ کے شعبہ میں محمد عامر سے بھی پوچھ گچھ ہوئی کہ آپ کئی میچوں سے آف کلر جا رہے ہیں اگر پرفارمنس نہیں دے سکتے تو دیگر کھلاڑیوں کے لیے راستہ چھوڑ دیں۔ ذرائع کے مطابق ٹیم مینجمنٹ نے کھلاڑیوں کو افغانستان اور بھارت کی ٹیموں کے خلاف اگلے میچوں میں سو فیصد کارکردگی دکھانے کی ہدایت کی ہے۔

ای پیپر-دی نیشن