قائداعظم ٹرافی: عثمان صلاح الدین خرم شہزاد کو الجھنا مہنگا پڑ گیا میچ فیس کا پچاس فیصد جرمانہ
لاہور(سپورٹس رپورٹر+نمائندہ سپورٹس)ٹیسٹ بلے باز عثمان صلاح الدین اور فاسٹ باولر خرم شہزاد کو قائد اعظم ٹرافی کے میچ میں آپس میں الجھنا مہنگا پڑگیا۔ میچ ریفری نے دونوں کھلاڑیوں پر جرمانہ عائد کر دیا، جھگڑے کی اصل وجہ ٹیسٹ بلے باز عمر اکمل بنے۔ ذرائع کے مطابق قائد اعظم ٹرافی فرسٹ کلاس کرکٹ ٹورنامنٹ میں تیسرے مرحلے کے میچ کے تیسرے روز حبیب بینک کے فاسٹ باولر خرم شہزاد اور لاہور وائٹس کے کپتان ٹیسٹ بلے باز عثمان صلاح الدین میںجھگڑا ہو گیا تھا۔ خرم شہزاد نے باولنگ کے دوران اپنے فالو تھرو میں گیند عثمان صلاح الدین کی جانب تھرو کردی جو ان کے پیڈز میں لگی، جوابی طور پر عثمان صلاح الدین غصے میںآگئے جس پر دونوں کھلاڑیوں کے درمیان جھگڑا ہو گیا تاہم امپائرز اور کھلاڑیو ں نے معاملہ رفع دفع کروا دیا ۔ میچ کے بعد میچ ریفری نے معاملے پر دونوں کھلاڑیوں سے سماعت کے بعد دونوں پر میچ فیس کا پچاس فی صد جرمانہ عائد کردیا ،ذرائع کے مطابق عثمان صلاح الدین نے میچ ریفری کے سامنے موقف اختیار کیا کہ دوران بیٹنگ عمر اکمل ان پر جملے کس رہے تھے جس کے ردعمل کے طور پر وہ دباو میں تھے اور اس کے نتیجے میں یہ معاملہ پیش آیا، تاہم میچ ریفری نے عمراکمل کے خلاف کوئی کاروائی نہیں کی البتہ ریفری نے عثمان صلاح الدین اور خرم شہزاد کو آئندہ محتاط رہنے کی ہدایت بھی کی۔