اقوام متحدہ کی ایجنسی کے ہزاروں ملازمین کا جبری برطرفیوں کیخلاف غزہ میں مظاہرہ
مقبوضہ غزہ (این این آئی)غزہ میں اقوام متحد ہ کے تحت فلسطینی مہاجرین کی امدادی ایجنسی اْنرو ا کے ہزاروں ملازمین نے اپنی ملازمتیں کھوجانے پر احتجاجی مظاہرہ اور آئندہ ہفتے ایک دن کی ہڑتا ل کا اعلان کیا ہے۔جرمن ریڈیو کے مطابق اْنروا نے امریکا کی طرف سے ملنے والی کروڑوں ڈالرز کی امداد کی کٹوتی کے بعد اپنے ہزاروں ملازمین کو جبری فارغ خطی دے دی ہے۔ اس اقدام کے خلاف غزہ میں اْنروا کے ہیڈ کوارٹرز کے باہر پانچ ہزار سے زیادہ فلسطینیوں نے شرکت کی ہے۔ مظاہرے میں حماس اور دوسرے فلسطینی دھڑوں کے سینئر قائدین بھی شریک تھے۔امریکی امداد کی کٹوتی کے بعد اقوام متحدہ کی امدادی ایجنسی مالی مشکلات سے دوچار ہوگئی ہے اس نے غزہ اور مغربی کنارے میں مزید اڑھائی سو اسامیاں ختم کرنے اور پانچ سو سے زیادہ کل وقتی ملازمین کو جزوقتی قرار دینے کا اعلان کردیا ہے۔امریکہ فلسطینی مہاجرین کو بنیادی شہری سہولیات مہیا کرنے کی ذمے دار اس ایجنسی کو 35 کروڑ ڈالرز سالانہ امداد کی شکل میں دے رہا تھا۔