• news

بھارت آگ سے نہ کھیلے جل جائیگا : شہبازشریف‘ پاکستانی سیسیہ پلائی دیوار ہیں : سراج الحق

لاہور/ اسلام آباد (خصوصی رپورٹر+سپیشل رپورٹر + ایجنسیاں) شہباز شریف نے بھارتی دھمکیوں کی مذمت کرتے ہوئے کہا ہے کہ انڈین آرمی چیف کو دھمکی دیتے ہوئے ماہ ستمبر کی تاریخ یاد کرلینی چاہئے تھی۔ بھارت آگ سے نہ کھیلے، جل جائے گا۔ پاکستان ہماری ماں دھرتی ہے، اس کی عزت، وقار، تحفظ، دفاع اور سلامتی کے لئے فوج اور عوام ایک ہیں۔ کوئی غلط فہمی نہ رہے پاک فوج عوام کی مکمل قوت کے ساتھ دفاع وطن کے مقدس فرض کی بجا آوری کے ہمہ وقت تیار ہے۔ہر بھارتی مہم جوئی کا منہ توڑ جواب دیں گے۔ شہباز شریف نے کہاکہ بھارتی پارلیمنٹ کو انڈین آرمی چیف کے بیان کا نوٹس لے کر جواب طلبی کرنی چاہئیے۔بھارتی غیر ذمہ داری جنوبی ایشیا میں امن اور خطے میں ترقی کی دشمن ہے۔بھارت فوج جنگی جنون کولگام دیتے ہوئے خطے کو بدامنی کی بھینٹ نہ چڑھائے۔ پاک فوج سے بدلہ لینے کی بات کرنے والے جان لیں ہر پاکستانی فوج کا سپاہی ہے اور وطن کے لئے کٹ مرنے کو تیار ہے۔ بھارت نے اپنی آتش بیانی اور جنگی گیدڑ بھبکیوں پر قابو نہ پایاتو اسے سنگین نتائج بھگتنے کے لئے تیار رہنا چاہئے۔ مسلم لیگ (ن) کے صدر نے کہاکہ کسی بھارتی مہم جوئی پر پوری قوم اپنی شیر دلیر بہادر مسلح افواج کے شانہ بہ شانہ کھڑی ہوگی۔ پاکستان کی فوج اور اس کا ہر سپاہی اور افسر شوق شہادت، ایمان کی ناقابل تسخیر طاقت اور جدید ہتھیاروں سے مسلح ہے، دشمن ہمارے صبر کا امتحان نہ لے۔ آزمائش کی گھڑی میں دشمن کو ہر محاذ پر شکست دیں گے۔ سابق وزیر خارجہ حنا ربانی کھر نے کہا ہے کہ جنرل کے کہنے پر جنگیں نہیں ہوتیں، کشمیریوں کا قتل عام دنیا میں بھارت کی شناخت ہے۔ بھارتی جنرل کا بیان شرمناک ہے۔ بھارت نے پاکستان سے مذاکرات کی حامی بھری تھی اور پھر مکر گیا، گیدڑ بھبکیوں سے مسائل حل نہیں ہوں گے۔ سینئر وزیر پنجاب عبدالعلیم خان نے مذاکرات منسوخ کرنے اور پاکستان کو دھمکیاں دینے کے بھارتی رویئے پر افسوس کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ ایک مرتبہ پھر ہمارے ہمسایہ ملک کی اصلیت سامنے آگئی ہے۔ وزیراعظم عمران خان نے خطے کے وسیع تر مفادات کیلئے مثبت تجاویز دی تھیں۔ درحقیقت اصل مسئلہ کشمیر کا ہی ہے اور پاکستان کبھی بھی کسی بھی قیمت پر کشمیر کے موقف سے پیچھے نہیں ہٹے گا۔ امیر جماعت اسلامی پاکستان سینیٹر سراج الحق نے کہا ہے کہ انڈیا کے مقابلے میں پوری پاکستانی قوم سیسہ پلائی دیوار ہے۔ پاکستان ایک ایٹمی قوت ہے بھارت کو پاکستان کے بارے میں سوچ سمجھ کر بات کرنی چاہئے۔ مسلم لیگ ن کے رہنما سینیٹر آصف کرمانی نے کہا ہے کہ بھارتی فوج دہشت گردی کی علامت اور انڈین آرمی چیف خود سب سے بڑا دہشت گرد ہے۔ بھارتی افواج مقبوضہ کشمیر میں دن دیہاڑے دہشت گردی میں ملوث ہے۔ خواجہ سعد رفیق نے کہاہے کہ بھارت بلوچستان میں ہونے والی دہشت گردی میں ملوث ہے، بھارتی آرمی چیف کو الزام لگانے سے پہلے اپنے گریبان میں جھانکنا چاہئے۔ پاکستان امن کی بات کرنا چاہتا ہے لیکن بھارتی حکومت ہٹ دھرمی کرتی ہے، بھارتی فوج ہمیشہ ہی امن مذاکرات کو خراب کرتی ہے اور اب وہ کھل کر سامنے آگئے ہیں، بھارتی آرمی کا بیان قابل افسوس اور قابل مذمت ہے۔ بھارتی آرمی چیف کی دھمکیوں کے جواب میں میجر جنرل (ر)اعجاز اعوان نے کہا کہ بھارت ہمیں کیا جواب دے گا؟ بھارت نے زبانی سرجیکل اسٹرایئک کی تھیں۔ سابق آرمی چیف جنرل (ر)اسلم بیگ کا بھارتی چیف کے بیان پر رد عمل میں کہنا تھا کہ بھارتی آرمی چیف کی دھمکی دراصل ان کو لاحق بد ہضمی ہے، بھارت کو معلوم ہونا چاہیے کہ ہمارے پاس ان کا موثر علاج ہے، بیان سے لگتا ہے کہ وہ نارمل پوزیشن میں نہیں تھے۔ بھارت کشمیر میں پیدا شدہ صورتحال پر بوکھلاہٹ کا شکار ہے اور کشمیر سے توجہ ہٹانے کے لیے بیانات کے گولے چلا رہا ہے۔ سینئر دفاعی تجزیہ کار امجد شعیب نے کہا کہ بھارتی آرمی چیف اپنی عوام کو بے وقوف بنا سکتے ہیں ہمیں نہیں، بھارت نے پاکستان کے خلاف نفرتیں پیدا کی ہیں۔ امجد شعیب کا کہنا تھا کہ بھارت نے مقبوضہ کشمیر میں ظلم کی انتہا کردی ہے۔ انہوں نے کہاکہ بھارت کی مثال کھسیانی بلی کھمبا نوچے کے جیسی ہے، پاک فوج تیار ہے اگر بھارت نے کارروائی کی تو بھر پور جواب دیا جائے گا۔
سیاسی قیادت

ای پیپر-دی نیشن