نیول چیف ایڈمرل ظفر عباسی کی امریکہ میں 23ویں پاور سمپوزیم میں شرکت
لاہور(خبر نگار)پاک بحریہ کے سربراہ ایڈمرل ظفر محمود عباسی نے 18 سے 21 ستمبر تک یوایس نیول وار کالج نیو پورٹ امریکہ میں منعقدہ 23ویں سی پاور سمپوزیم 2018میں شرکت کرنے کے لیے امریکہ کا دورہ کیا۔ سمپوزیم کے دوران بین القوامی میری ٹائم سکیورٹی کے تعاون کے فروغ کے سلسلے میں درپیش مشترکہ بحری چلنجز کے امور پر سیر حاصل بحث و مباحثے کے گئے۔ سمپوزیم کے دوران، چیف آف دی نیول سٹاف نے سینئر عالمی بحری شخصیات بشمول آسٹریلیا، برازیل، جرمنی، جاپان، چین اور ترکی کی بحریہ کے سربراہان سے ملاقاتیںکیں۔ ملاقاتوں کے دوران باہمی دلچسپی کے مختلف امور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ ایڈمرل ظفر محمود عباسی نے شرکاء کو پاکستان کے میری ٹائم نقطہ نظر کے بارے میں آگاہ کیا اور ریجنل میری ٹائم سکیورٹی میں پاک بحریہ کی خدمات کا خصوصیت کے ساتھ ذکر کیا۔ ایڈمرل ظفر محمود عبا سی نے بحرہند کی سکیورٹی کو لاحق چیلنجز پر روشنی ڈالی اور پاک بحریہ کے ریجنل میر ی ٹائم سکیورٹی پٹرول کے اقدام کا ذکر کیا جس کا مقصد خطے میں محفوظ اور پرامن میری ٹائم ماحول کو یقینی بنانے کے سلسلے میںعالمی ذمہ داریوں کو نبھانا ہے۔ عالمی سی پاور سمپوزیم کے انعقاد کا مقصد عالمی بحری اقوام کو مشترکہ میری ٹائم چلنجز پر بحث و مباحثے کے لئے فورم مہیا کرنا اور عالمی میری ٹائم سکیورٹی میں تعاون کے مواقع فراہم کرنا تھے۔ 23ویں عالمی سی پاور سمپوزیم میں پاک بحریہ کے سربراہ کی شرکت خطے میں امن و استحکام کے عزم اور علاقائی میری ٹائم سکیورٹی میںمشترکہ تعاون میں پاک بحریہ کی کاوشوں کی عکاس ہے۔ پاک بحریہ کے سربراہ نے کمانڈنٹ یوایس کوسٹ گارڈز ایڈمرل کارل شلٹز اور کمانڈر یو ایس نیو سینٹ، وائس ایڈمرل سکاٹ اے سٹرینی سے ملاقاتیں کیں اورمختلف پینل مباحثوں میں شرکت کی جن میں ڈاکٹر تھامس جی ماہنکن کا ’انوویشن ان نیول پاور‘، ایڈمرل (ریٹائرڈ) ولیم جے فالن کا ’کمبائنڈ آپریشنز ان رسپانس ٹو کرائسس‘ اور ڈاکٹر پیٹرک ایم کرونن کا ’میری ٹائم سرولینس اینڈ انفارمیشن شیئرنگ‘ پر پینل مباحثے شامل تھے۔