• news

راجہ ظفر الحق کی قیادت میں لیگی وفد کی نیئر بخاری سے ملاقات

اسلام آباد (محمد نواز رضا۔ وقائع نگار خصوصی) باخبر ذرائع سے معلوم ہوا ہے پاکستان مسلم لیگ (ن) کی اعلیٰ قیادت نے پیپلز پارٹی کی اعلیٰ قیادت کو پارلیمنٹ کے اندر اور باہر تعاون کرنے کی پیشکش کردی ہے اور قومی‘ صوبائی اسمبلیوں کے ضمنی انتخاب میں ”رنراپ“ کی بنیاد پر تعاون کی تجویز پیش کردی ہے جس کا پیپلز پارٹی نے اعلیٰ سطح پر مشاورت کے بعد جواب دینے کا عندیہ دیا ہے۔ اتوار کی شب پاکستان مسلم لیگ (ن) کے چیئرمین راجہ محمد ظفر الحق کی قیادت میں مسلم لیگ (ن) کے وفد نے پاکستان پیپلز پارٹی کے سیکرٹری جنرل نیئر بخاری سے ملاقات کی۔ وفد میں سینیٹر چودھری تنویر خان‘ انجم عقیل‘ ڈاکٹر طارق فضل چودھری اور این اے 53 سے قومی اسمبلی کے امیدوار وقار ممتاز شامل تھے۔ مسلم لیگ (ن) کے وفد نے کہا کہ تحریک انصاف کی حکومت کا ملکر ہی مقابلہ کیا جاسکتا ہے۔ پارلیمنٹ کے اندر اور باہر متحدہ اپوزیشن کا قیام وقت کی ضرورت ہے۔ دونوں جماعتوں کے درمیان متحدہ اپوزیشن کے قیام کے لئے سلسلہ جنبانی شروع ہونا چاہئے۔ نیئر بخاری نے کہا کہ وہ آصف علی زرداری اور بلاول بھٹو زرداری کو مسلم لیگ (ن) کی قیادت سے ہونے والی بات چیت سے آگاہ کریں گے۔ رنراپ کے فارمولہ پر پارٹی کی قیادت جو فیصلہ کرے گی اس سے ایک دو روز میں مسلم لیگ (ن) کو آگاہ کر دیا جائیگا۔
لیگی وفد/ ملاقات

ای پیپر-دی نیشن