• news

خاتون اول بشریٰ بی بی کا اولڈ ایج ہوم، اہلیہ وزیراعلیٰ کا ایس او ایس ویلج کا دورہ

لاہور (نیوز ایجنسیاں) وزیراعظم عمران خان کی اہلیہ بشریٰ بی بی وزیراعظم کے ہمراہ لاہور آئیں اور انہوں نے گزشتہ روز ایس او ایس ویلج سنٹر کا دورہ کیا اور وہاں پر موجود بے سہارا خواتین سے ملاقات کی اور ان سے مسائل دریافت کئے۔ آن لائن کے مطابق ایس او ایس ویلج سینٹر کی انتظامیہ نے وزیراعظم کی اہلیہ بشریٰ بی بی کو سینٹر میں موجود خواتین کو دی جانے والی سہولیات کے حوالے سے آگاہ کیا۔ اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے وزیراعظم کی اہلیہ بشریٰ بی بی نے کہا بے سہارا خواتین معاشرے کا اہم حصہ ہیں اور ان کے مسائل ترجیحی بنیادوں پر حل کئے جائیں۔ وزیراعظم کی اہلیہ بشریٰ بی بی کے ہمراہ ان کی قریبی سہیلی فرح خان بھی موجود تھیں۔ صباح نیوز کے مطابق خاتون اول بشری بیگم نے پہلے اولڈ ایج ہوم ٹاون شپ کا دورہ کیا جہاں انہوں نے بزرگ خواتین اور افراد سے مل کر ان کے مسائل سنے۔ بزرگ خواتین نے خاتون اول کے ساتھ تصاویر بھی بنوائیں۔بشری بی بی اور فرح خان گہوارہ ہوم بھی پہنچیں جہاں پر بچوں کے ساتھ وقت گزارا۔ خاتون اول نے بچوں کی فرمائش پر ان کے ساتھ تصاویر بھی بنوائیں۔خاتون اول بشری بی بی نے کچھ وقت بے آسرا افراد کے ادارہ کاشانہ میں بھی گزارا اور ان کے بھی مسائل سنے۔
لاہور (خبرنگار) وزیراعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار کی اہلیہ نے بیٹیوں کے ہمراہ لاہور میں ایس او ایس ویلج کا دورہ کیا۔ وزیراعلیٰ عثمان بزدار کی اہلیہ نے ایس او ایس ویلج میں مقیم بچوں کے ساتھ ملاقات کی اور ان سے گھل مل گئیں۔ بعدازاں وزیراعلیٰ پنجاب کی اہلیہ نے اپنی تینوں صاحبزدایوں کے ساتھ ایس او ایس ویلج میں واقع گھروں کا بھی دورہ کیا اور وہاں موجود بچوں سے ملاقات کی۔ انہوں نے بچوں کے ساتھ ہلکے پھلکے انداز میں گفتگو کی۔ بچوں نے مہمانوں کو تلاوت قرآن پاک، نعتیں اور ملی نغمے بھی سنائے۔ وزیراعلیٰ کی صاحبزادیاں ایس او ایس ویلج کے بچوں کے ساتھ گھل مل گئیں، ان کے ساتھ مختلف کھیل کھیلے اور گپ شپ لگائی۔ ایس او ایس ویلج میں مقیم بچوں نے وزیراعلیٰ کے اہلخانہ کے ساتھ ملاقات میں بے حد اپنائیت کا اظہار کیا اور ان کے ساتھ گفتگو کرتے ہوئے ہنستے مسکراتے دکھائی دئےے۔ انہوں نے وزیراعلیٰ کے اہلخانہ کی آمد پر بے حد خوشی کا اظہار کیا۔ وزیراعلیٰ کی اہلیہ نے ڈائریکٹر ایس او ایس ویلج سے گفتگو کے دوران ڈیرہ غازی خان میں بھی ایس او ایس کے قیام کی خواہش کا اظہار کیا۔ ڈائریکٹر ایس او ایس ویلج الماس بٹ نے مہمانوں کو ادارے کے بارے میں آگاہ کیا۔ بیگم وزیر اعلیٰ پنجاب اور ان کی بیٹیوں نے ایس او ایس ویلج کی ڈاکومنٹری بھی دیکھی۔ اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے وزیراعلیٰ پنجاب کی اہلیہ نے کہا بے سہارا بچوں کی دیکھ بھال کےلئے ایس او ایس ویلج شاندار کام کر رہا ہے۔ بے سہارا بچوں کا سہارا بننے سے دین و دنیا دونوں کی بھلائی ملتی ہے۔ مجھے اور میری بیٹیوں کو بچوں کے ساتھ ملنا اچھا لگا۔ یہاں آ کر دلی مسرت اور قلبی سکون ملا۔ میری خواہش ہے ایسے ادارے دیگر شہروں میں بھی بننے چاہئیں۔ میں آئندہ بھی ایسے اداروں کا دورہ کرتی رہوں گی۔
اہلیہ وزیراعلیٰ پنجاب

ای پیپر-دی نیشن