شاداب بلوچ234 کلومیٹر سفرکے پہلے مرحلہ میں ٹول پلازہ کراچی پہنچ گئے
کراچی(اسپورٹس رپورٹر) پاکستان کے کامیاب ترین واکر کسرت رائے کے نقش قدم پر چلنے والے کراچی کے نوجوان شاداب بلوچ اپنے کراچی تامیرپورخاص پیدل سفرکے پہلے مرحلے میں32 کلو میٹر طے کرکے کراچی پریس کلب سے سپر ہائی وے ٹول پلازہ پہنچ گئے۔ شاداب بلوچ نے اتوار کی صبح10 بجکر28 منٹ پرکراچی پریس کلب کے سامنے اپنے سفر کا آغاز کیا اور32 کلو میٹر کا فاصلہ تقریباً 7 گھنٹے میں طے کرکے 5 بجکر45 منٹ پر ٹول پلازہ پہنچے۔ ٹول پلازہ پہنچنے کے بعد شاداب بلوچ نے کہا کہ آج موسم گرم ہونے کی وجہ سے مجھے اپنے شیڈول سے ہٹ کر2 بار آرام کرنا پڑا۔ انہوں نے کہا کہ پریس کلب سے روانگی کے بعد ظہر کی نماز کے لئے سہراب گوٹھ میں ایک گھنٹے وقفہ کیا۔ وہاں سے سچل گوٹھ پر چند منٹ آرام کے بعد عصر کی نماز کے بعد ٹول پلازہ پہنچ کر اپنے پہلے مرحلہ کا اختتام کیا۔ انہوں نے کہا کہ دوسرے مرحلہ کاآغاز وہ پیر کی صبح فجر کی نماز کے فوراً بعد ٹول پلازہ سے کریں گے اور38 کلو میٹر کا فاصلہ طے کرکے ڈی ایچ اے ہاﺅسنگ اسکیم پر بریک کریں گے۔ پروگرام کے مطابق شاداب بلوچ سات روز میں اپنا سفر مکمل کرکے 28 ستمبر کو میرپورخاص پہنچ کراپنے سفر کا اختتام کریں گے۔ اس سے قبل کراچی پریس کلب کے سامنے ایک سادہ تقریب میں سندھ اسپورٹس بورڈ کے افسران اورشاداب بلوچ کے دونوں نے ان کو رخصت کیا۔ شاداب بلوچ اس سفر کے مکمل کرکے کسرت رائے کا222 کلومیٹر پیدل چلنے کا قومی ریکارڈ اپنے نام کریں گے۔ شاداب بلوچ نے اس سفر کو صحت مندمعاشرہ مہم کا نام دیا ہے۔