اچھی کارکردگی کے باوجود سلیکٹ نہ ہونے پر سلمان بٹ تلملا اٹھے
لاہور( سپورٹس رپورٹر ) قومی کرکٹ ٹےم کے سابق کپتان سلمان بٹ بھی سلےکشن کمےٹی کی جانب سے اپنے ساتھ روا رکھے جانے والے سلوک پر تلملا اٹھے۔ قائد اعظم ٹرافی مےں واپڈا ٹیم کے کپتانی کرنے والے بلے باز سلمان بٹ کا کہنا تھا کہ اچھی کارکردگی کے باوجود مجھے سلکیٹ کیوں نہیں کیا جارہا، ری ہیب سمیت وہ تمام کام کرلیے ہیں جن کا مطالبہ کیا گیا تھا، آئی سی سی کا کلیئرنس لیٹر بھی میرے پاس ہے۔سلمان بٹ کا کہنا تھا کہ پہلے مجھ سے کہا گیا کہ ویسٹ انڈیز کے خلاف کھلائیں گے، پھر شرجیل خان وغیرہ کا مسئلہ سامنے آیا تو کہا گیا کہ ابھی تھوڑا مزید انتظار کرلیں۔ اب میڈیا کے سوالات پر جواب دیا گیا کہ سلمان کو پہلے اے ٹیم کی طرف سے موقع دیں گے۔ اے ٹیم کے دو ٹورز سر پر آگئے ہیں لیکن ابھی تک مجھ سے کوئی رابطہ نہیں کیا گیا۔ اگر عامر اس واقعے کے بعد ملک کی نمائندگی کررہا ہے تو پھر مجھے باہر کیوں رکھا جارہا ہے۔سلمان بٹ نے کہا کہ اچھی پرفارمنس نہ دوں تو نہ کھلائیں، جب ہر میچ میں رنز کررہا ہوں تو پھر سلیکشن کیوں نہیں ہورہی، سابق سربراہ نجم سیٹھی اور چیف آپریٹنگ آفیسر سبحان احمد بھی بیان دے چکے ہیں کہ سلیکشن کمیٹی اگر چاہے تو سلمان کو منتخب کرسکتی ہے، سب کی طرف سے کلیئرنس ہے تو پھر نظر انداز کیوں کیا جارہا ہے، بورڈ سربراہ احسان مانی سے اپیل ہے کہ وہ میرے ساتھ ہونے والی اس ناانصافی کا نوٹس لیں، مجھے انصاف دلائیں جو میرا حق ہے۔