سہ ملکی ٹی20 ڈیف سیریز جیتنے کے بعد قومی ٹیم وطن واپس پہنچ گئی
لاہور(سپورٹس رپورٹر) تین ملکی ٹی ٹونٹی ڈیف سیریز جیتنے کے بعد پاکستان ڈیف ٹیم وطن واپس پہنچ گئی۔ لاہور ائر پورٹ پر کھلاڑیوں کا شاندار استقبال کیا گیا کھلاڑیوں اور آفیشلز کو پھولوں کے ہار پہنائے گئے۔ بعد ازاں قومی ڈیف ٹیم کو پاکستان ڈیف کرکٹ ایسوسی ایشن کے ہیڈ اکورٹر لایا گیاجہاں سابق چیئرمین ڈیف کرکٹ ایسوسی ایشن رانا حبیب الرحمان، صدر سلمان ظہیر، سنیئر نائب صدر اشتیاق احمد، جنرل سیکرٹری عطالرحمان، کپتان قمو نوید اور ہیڈ کوچ عمر فیاض نے پریس کانفرنس کرتے ہوئے حکومت اور پاکستان کرکٹ بورڈ سے مطالبہ کیا کہ بے روزگار کھلاڑیوں کو نوکریاں دینے کے ساتھ ساتھ انہیں انعامات سے بھی نوازا جائے۔ ڈیف ٹیم کے کھلاڑی پڑھے لکھے ہیں انہیں نوکری کے ساتھ ڈھاکہ میں تین ملکی سیریز جیتنے پر انعامات سے نوازا جائے۔ ان کا کہنا تھا کہ ڈیف کھلاڑیوں کو سنٹرل کنٹریکٹ میں ماہانہ دس ہزار روپے ڈیئے جاتے ہیں جنہیں کم از کم 25 ہزار کیا جائے کیونکہ ڈیف ٹیم کے کھلاڑی پڑھے لکھے ہونے کے ساتھ ساتھ بے روزگار بھی ہیں۔ ڈیف کرکٹ ایسوسی ایشن کے صدر سلمان ظہیر کا کہنا تھا کہ ہمیں خوشی ہے کہ ہمارے کھلاڑیوں نے ڈھاکہ میں شاندار کارکردگی کا مظاہرہ کرتے ہوئے نہ صرف بنگلہ دیش کو بلکہ بھارتی ٹیم کو بھی دو مرتبہ شکست سے دوچار کیا۔ ہمارا اگلا ہدف نومبر میں بھارت میں کھیلا جانے والے ڈیف کا عالمی کپ کرکٹ ٹورنامنٹ ہے۔ میری وزیر اعظم پاکستان عمران خان اور چیئرمین پی سی بی احسان مانی سے اپیل ہے کہ وہ کھلاڑیوں کی حوصلہ افزائی کے لیے ان کے اعزاز میں تقریب منعقد کر کے انہیں انعامات سے نوازیں۔ ڈیف ٹیم کے کپتان قمر نوید کا کہنا تھا کہ اگلا ہدف ورلڈ کپ ہے جس کے لیے بھرپور تیاری کے ساتھ جائیں گے۔ ہیڈ کوچ عمر فیاض کا کہنا تھا کہ 13 سال سے پاکستان ڈیف ٹیم کو ایک بھی سیریز میں شکست نہیں ہوئی ہے۔
ڈھاکہ میں کھیلی جانے والی تین ملکی سیریز میں نئے کھلاڑیوں کو آزمایا گیا ہے، ٹیلنٹ کی کمی نہیں ہے ہمارے کھلاڑی نارمل کھلاڑیوں کی طرح اچھی کرکٹ کھیلتے ہیں۔ بھارت میں ہونے والے عالمی ڈیف کپ ٹورنامنٹ میں بھی اچھی تیاری کے ساتھ جائیں گے، چیئرمین پی سی بی احسان مانی سے درخواست ہے کہ وہ کھلاڑیوں کے اعزاز میں تقریب منعقد کر کے ان کی حوصلہ افزائی کریں۔