مس ورلڈ کا مقابلہ چین کے شہر سانیا میں نومبر میں ہو گا
لندن(آئی این پی) مس ورلڈ کا مقابلہ چین کے شہر سانیا میں نومبر اور دسمبر میں ہوگا۔مس انگلینڈسارا افتخار مقابلے میں حصہ لینے والی پہلی باحجاب امیدوار ہوں گی۔ قانون کی طالبہ سارا افتخار مس انگلینڈ کے مقابلے میں حصہ لینے والے50 امیدواروں میں شامل تھیں انہیں امید ہے کہ وہ ٹائٹل جیتنے والی پہلی مسلم امیدوار بن سکتی ہیں۔سارا افتخار بنیادی طور پر میک اپ آرٹسٹ ہیں اور سوشل میڈیا میں پاکستان کے روایتی لباس میں اپنی تصاویر جاری کرتی رہتی ہیں جبکہ انہوں نے 16 سال کی عمر میں کاروبار شروع کیا تھا۔مقابلے کے ترجمان اینگی بیسلے نے ڈیلی میل سے بات کرتے ہوئے کہا کہ ‘یہ صاف ثابت کررہا ہے کہ مس انگلینڈ جس طرح کا انگلینڈ آج ہے اسی کو پیش کررہی ہیں۔مس انگلینڈ کی20 سالہ مسلم امیدوار پہلے ہی مس ہودرزفیلڈ کا ٹائٹل جیت چکی ہیں اور مس انگلینڈ میں شمالی انگلش مارکیٹ ٹاﺅن کی نمائندگی کررہی ہیں۔برطانوی نشریاتی ادارے کے مطابق سارا افتخار نے کہا کہ ‘میں حجاب پہننے والی شاید پہلی خاتون ہوں تاہم میں عام لڑکی ہوں اور مقابلے میں حصہ لینے کے لیے ہم سب کو برابر موقع ملا ہے۔ان کا کہنا تھا کہ ‘اگر میں خود کو ڈھانپنا اور سادہ لباس پہننا چاہتی ہوں تو یہ ایک مسئلہ نہیں ہونا چاہیے کیونکہ میں بھی دیگر امیدواروں کی طرح ہوں۔خیال رہے کہ مقابلے کا پہلا راوﺅنڈ بشمول اسپورٹس بیچ بیوٹی مقابلہ جولائی میں ہوا تھا۔مقابلے میں حصہ لینے والی امیدواروں کے حق میں عوام بھی اپنا ووٹ دے سکتے ہیں۔