ایشیا کپ : بیٹنگ چلی نہ باﺅلنگ‘ پاکستان کو بھارت کے ہاتھوں 9 وکٹوں سے شکست
لاہور(سپورٹس ڈیسک) ایشیا کپ کے سپر فور کے سب سے بڑے مقابلے کو بھارتی اوپنرز نے یکطرفہ میچ بنادیا اور پاکستان کو 9 وکٹ سے شکست دے دی،واحد آﺅٹ ہونے والے کھلاڑی شیکھردھون 114 رنز تھے۔پاکستان نے پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے مقررہ 50اوورز میں 7 وکٹ کے نقصان پر 237 رنز بنائے ،جواب میں بھارتی اوپنرز نے پاکستانی بولرز کی ایک نہ چلنے دی اور ہدف 40 ویں اوورز میں حاصل کرلیا۔بھارت ایشیا کپ میں اب تک ناقابل شکست ہے ،اس نے سپر فور میں اپنا اگلا میچ افغانستان سے کھیلنا ہے ،جس میں شکست کے باوجود اس کے فائنل کھیلنے کے امکانات روشن ہیں۔پاکستانی فیلڈرز نے بھارتی بیٹسمینوں کا خوب ساتھ دیا ، بھارتی کپتان روہت شرما اور شیکھردھون کے 3 آسان کیچ ڈراپ کئے ،جس پر انہوں نے شاندار بیٹنگ کی اور اپنی اپنی سنچریاں مکمل کی۔دونوں اوپنرز نے دبئی انٹرنیشنل اسٹیڈیم پر پہلی وکٹ پرسب سے بڑی شراکت قائم کیا ،انہوں نے 210 رنز کی پارٹنرشپ بنائی ، اس دوران شیکھردھون نے شاندار اسٹروکس کھیلے ،انہوں نے 100 گیندیں کھیلی اور 114 رنز بنائے اور رن آﺅٹ ہوئے، ان کی اننگز میں 16 چوکے اور 2 چھکے شامل تھے۔میچ میں بھارت کے کپتان روہت شرما اور شیکھردھون نے پاکستانی بولنگ لائن کو انتہائی پراعتماد اندازمیں کھیلا ۔ اہم ترین میچ میں بھی پاکستان نے انتہائی خراب فیلڈنگ کی اور روہت شرما کے تین کیچ ڈراپ کردیے،پہلے شاداب خان، پھر امام الحق نے اور اس کے بعد فخرزمان بھارتی کپتان کو رنز بنانے کا چانس فراہم کیا۔پاکستان نے پہلے کھیلتے ہوئے مقررہ 50 اوورز میں شعیب ملک 78، سرفراز احمد 44، فخرزمان 31 اور آصف 30 رنز کی بدولت 237 رنز بنائے۔قومی ٹیم میچ کے ابتدائی مرحلے میں مشکلات کا شکار ہوگئی تھی،اس کے ابتدائی 3 بیٹسمین صرف 58 رنز پر پویلین لوٹ گئے جس کے بعد سرفراز احمد شعیب ملک نے بھارتی بولرز کا انتہائی ذمہ دارانہ انداز میں مقابلہ کیا۔دونوں کھلاڑیوں نے چوتھی وکٹ پر 107 رنز کی شراکت قائم کی،اس موقع پر شعیب ملک نے اپنی نصف سنچری بھی مکمل کی 39 ویں اوور میں 165 کے اسکور پر کلدیپ یادیو نے یہ پارٹنر شپ توڑدی۔کپتان سرفراز احمد 66گیندوں پر 44 رنز کی عمدہ اننگز کھیلنے میں کامیاب رہے،پاکستان کی پانچویں وکٹ 203 کے اسکور پر گری، اننگز کے ٹاپ اسکور شعیب ملک نے 78 کے انفرادی اسکور پر گیند وکٹ کے پیچھے کھڑے ایم ایس دھونی کو پکڑادی، انہوں نے اپنی اننگز کے دوران 2 چھکے اور 4 چوکے لگائے، انہیں بھمرا نے میدان بدر کیا۔گرین شرٹس کی چھٹی وکٹ 211 کے اسکور پر گری، تیزی سے رنز بنا رہے آصف علی کو 30 کے انفرادی اسکور پر یزویندرا چاہل نے بولڈ کیا اور میچ میں دوسری وکٹ اپنے نام کی۔ساتویں آﺅٹ ہونے والے بیٹسمین شاداب خان تھے،جنہیں 10 کے انفرادی اسکور پر بھمرا نے پویلین کی راہ دکھائی۔بھارت سے میچ ہارنے کے بعد قومی ٹیم کی فائنل تک رسائی مشکل ہو گئی ہے، فائنل تک رسائی کیلئے بنگلہ دیش کو بھاری مارجن سے شکست دینا ہو گی جبکہ حتمی فیصلہ ٹیموں کے رن ریٹ پر بھی ہو سکتا ہے۔