مراد سعید کا وزارت مواصلات کی 219 گاڑیاں نیلام کرنے کا اعلان
اسلام آباد (خبر نگار) وزیر مملکت مواصلات مراد سعید نے کہا ہے کہ سی پیک منصوبوں کی بروقت تکمیل اور معیار کو قائم کرنا ترجیح ہے۔ عوام کو بہترین سہولیات فراہم کی جائیں گی۔ پرانی عمارتوں کو تجارتی مقاصد کیلئے استعمال کرکے منافع بخش بنائیں گے۔ موٹر ویز اور ہائی ویز پر گرین پاکستان کے تحت درخت لگائے جائینگے۔ وہ اتوار کو پریس کانفرنس کررہے تھے۔ انہوں نے کہا کہ من پسند لوگوں کو کوئی ٹھیکہ نہیں دیا جائے گا۔ کرپشن کے کلچر کو ختم کرنے کیلئے ای بلنگ کی طرف جائیں گے۔ بڑے منصوبوں کو لا کر پیسہ بنایا جاتا ہے نچلی سطح پر کرپشن کو ختم کرنا ہوگا۔ ای ٹینڈرنگ‘ ای بلنگ اور ای بڈنگ سے جلد بڑی تبدیلی نظر آئے گی۔ پرانے منصوبوں میں سے چھ منصوبوں کو تھرڈ پارٹی آڈٹ کیلئے پیش کررہے ہیں۔ 34مزید منصوبوں کی بھی چھان بین کی جائے گی۔ انہوں نے کہا کہ این ایچ اے کی بیالیس لگژری سمیت 219 گاڑیوں کو بھی نیلام کیا جائے گا۔ ان کی دیکھ بھال پر تین کروڑ لگ جاتے ہیں۔ کاغان ناران میں دو ریسٹ ہائوس کو سیاحت کے لئے استعمال کرینگے۔ مراد سعید نے کہا کہ مختلف منصوبوں کی معلومات کے لئے موبائل ایپلی کیشن بنائی جائے گی عوام مختلف منصوبوں کی تازہ ترین صورتحال معلوم کرسکیں گے۔