ناموس انبیا قانون سازی، پاکستان، ترکی، سعودی عرب، ایران، اقوام متحدہ سے مطالبہ کریں: سراج الحق
لاہور+ راو لپنڈی + گوجوانوالہ (خصوصی نامہ نگار+ وقا ئع نگار خصوصی + نمائندہ خصوصی) امیر جماعت اسلامی سراج الحق نے کہاہے کہ ختم نبوت اور انبیائے کرام ؑ کی ناموس کے تحفظ کے لیے عالمی سطح پر قانون سازی کی ضرورت ہے۔ پاکستان، ترکی، سعودی عرب اور ایران قانون سازی کے لیے اقوام متحدہ سے مشترکہ مطالبہ کریں اور اس مقصد کے لیے عالم اسلام کے دیگر ممالک سے بھی رابطے کیے جائیں۔ ختم نبوت دنیا میں بسنے والے ایک ارب پچھتر کروڑ مسلمانوں کا محور محبت، عقیدہ اور ایمان ہے۔ جماعت اسلامی تحفظ ختم نبوت اور ناموس رسالتؐ کے لیے مسلم و غیر مسلم سفیروں سے ملاقاتیں کر رہی ہے اور27 ستمبر کو اسلام آباد میں اس حوالے سے جیورسٹ کانفرنس کا انعقاد کر رہی ہے جس میں سینیئر قانون دان، ججز، وکلا اور سول سوسائٹی کے لوگ شریک ہوں گے۔ تحفظ ختم نبوت اور ناموس رسالتؐ آئین پاکستان کا تقاضا ہے۔ حکومت اپنی آئینی ذمہ داری پوری کرے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے راولپنڈی کے ارکان کے اجتماع سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ اس موقع پر لیاقت بلوچ، میاں مقصود احمد، اظہر اقبال حسن اور ڈاکٹر طارق سلیم بھی موجود تھے۔ سینیٹر سراج الحق نے کہاکہ عالمی امن کے قیام اور دنیا کو جنگوں کے خطرے سے بچانے کے لیے ضروری ہے کہ پوری انسانیت باہمی احترام اور اخوت و محبت کے ساتھ رہے۔ دنیا میں پونے دو ارب مسلمان اللہ کی طرف سے انسانیت کی ہدایت کے لیے بھیجے گئے آخری پیغمبر حضرت محمد صلی اللہ علیہ وسلم سے محبت و عقیدت کو دنیا بھر کے مسلمان اپنی زندگی کا سرمایہ سمجھتے ہیں لیکن مغرب اور یورپ کے انتہاپسند عناصر حضرت محمد صلی اللہ علیہ وسلم کی شان میں بار بار گستاخی کر کے دنیا بھر کے مسلمانوں کو تکلیف پہنچاتے ہیں ۔ انہوں نے کہاکہ ہالینڈ میں حضورصلی اللہ علیہ وسلم کے خاکے بنانے کے مقابلے کو وقتی طور پر معطل کیا گیا ہے، منسوخ نہیں کیا گیا۔ ان مقابلوں پر مستقل پابندی لگانے اور ایسی اشتعال انگیزی کا ارتکاب کرنے والوں کو نشان عبرت بنانے کے لیے پوری انسانیت کو متحد ہونا پڑے گا۔ سینیٹر سراج الحق نے کہا کہ اسلام امن، محبت اور سلامتی کا دین ہے۔ اسلام میں انسان ہی نہیں ہر جان دار کے حقوق کی ضمانت دی گئی ہے۔