• news

جنڈیالہ شیر خان: سید وارث شاہ کے 220 ویں سالانہ عرس کی تقریبات شروع

جنڈیالہ شیر خان، شیخوپورہ (نمائندہ خصوصی+ نمائندہ نوائے وقت+ نامہ نگار خصوصی+ نامہ نگار) ہیر وارث شاہ کے خالق پیر سید وارث شاہ کا220 ویں سالانہ عرس کی تین روزہ تقریبات کا آغاز صوبائی وزیر ڈیزاسٹر مینجمنٹ میاں خالد محمود ، رکن صوبائی اسمبلی شیر اکبر خان ، ضلعی وائس چیئرمین جہانزیب خان ، ڈپٹی کمشنر اظہر حیات، ایس پی انوسٹی گیشن اسد الرحمن، اے ڈی سی محبوب عالم چودھری، اسسٹنٹ کمشنر فضائل مدثر نے دربار کوغسل دیکر کیا۔بعدازاںصوبائی وزیر میاں خالد محمود نے شیر اکبر خان اور ڈپٹی کمشنر اظہر حیات کے ہمراہ زائرین میں لنگر بھی تقسیم کیا۔ میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے میاں خالد محمود نے کہاکہ اولیا ء اللہ دین اسلام کی ترویج واشاعت کیساتھ ساتھ امن ،بھائی چارہ، رواداری کے پیغام کو بھی عام کیا ہم ان کی تعلیمات پر عمل پیرا ہوکر قیام امن کو یقینی بناسکتے ہیں اور اولیاء اللہ کی تعلیمات کو کبھی بھی فراموش نہیں کیا جاسکتا۔ پیر سید وارث شاہ کے دربار کی تزئین وآرائش اور لائبریری کی اپ گریڈیشن کیلئے خصوصی اقدامات اٹھائے جائیں گے ۔علاوہ ازیں پہلے روز شام4بجے رسہ کشی ، گھوڑا ناچ جبکہ 9بجے رات آل پاکستان مشاعرہ منعقد ہوا جس میں ملک بھر سے شعراء کرام شرکت کریں گے جبکہ آج دوسرے روز 4بجے شام کبڈی میچ اور رات 9بجے مقابلہ ہیر خوانی منعقد ہوگا اور 25 ستمبر عرس کے اختتامی روز 4بجے شام کبڈی میچ اور رات 9بجے محفل نعت و منقبت کا سلسلہ ہوگا، عرس کے موقع پر سکیورٹی کے فول پروف انتظامات کئے گئے ہیں جبکہ ذائرین کی سہولت کیلئے تما م بنیادی سہولیات کی فراہمی کو بھی حتمی شکل دیدی گئی ہے۔

ای پیپر-دی نیشن