سندھ اسمبلی کا اجلاس آج، حکومت اور اپوزیشن میں سخت معرکہ آرائی کا امکان
کراچی (سٹاف رپورٹر) سندھ اسمبلی کے آج پیر سے شروع ہونے والے بجٹ اجلاس میں حکومت اوراپوزیشن کے مابین سخت معرکہ آرائی کا امکان ہے۔ پیپلزپارٹی نے ستائیس ستمبر سے قبل صوبائی بجٹ منظورکرانے کی حکمت عملی تیار کر لی ہے جبکہ اپوزیشن جماعتوں نے پیپلز پارٹی کی سندھ حکومت کو بجٹ کی منظوری کے موقع پرٹف ٹائم دینے کے لیے مشترکہ لائحہ عمل کی تیاری شروع کر دی ہے۔ سندھ اسمبلی میں متحدہ اپوزیشن میں شامل جماعتوں نے پیپلزپارٹی کی سندھ حکومت کے گزشتہ دس سالہ دور اقتدار میں سرکاری فنڈز کے بے جا استعمال، مبینہ کرپشن اور اقربا پروری کے کیسز کا ایوان میں پردہ چاک کرنے کے لیے اپنی حکمت عملی تیارکرنے کے لیے آج اجلاس طلب کرلیا ہے اور حکومت کی جانب سے ایوان میں منظوری کے لیے پیش کیے جانے والے مطالبات زر کی منظوری کے موقع پر صوبائی حکومت کوآئینہ دکھانے کے لیے لائحہ عمل تیارکیا جائے گا۔ سندھ اسمبلی کے بجٹ اجلاس کے موقع پرسندھ حکومت کوٹف ٹائم دینے کے لیے سب سے زیادہ متحرک تحریک انصاف کے ارکان سندھ اسمبلی ہیں وہ سندھ کے تمام اضلاع میں دستیاب بنیادی سہولتوں، صحت و صفائی کی صورتحال کے علاوہ تعلیمی اداروں اور ہسپتالوں کی حالت زار پر سندھ اسمبلی میں آواز بلند کریں گے پی ٹی آئی کے ارکان سندھ اسمبلی اندرون سندھ عوام کو درپیش مسائل اور صحت و صفائی کی ناگفتہ بہ صورتحال کی تصاویر اور ویڈیو کلپس بھی تیارکئے ہیں تاکہ انہیں بطور ثبوت سندھ اسمبلی کے ایوان میں پیش کیا جائے۔ سندھ اسمبلی میں پیپلز پارٹی کو واضح عددی اکثریت حاصل ہے مگر اس کے باوجود اپوزیشن پارٹیوں نے سندھ میں گزشتہ دس سال کے دوران ہونے والی کرپشن، سرکاری وسائل کے غلط استعمال اور اقربا پروری جیسے حکومتی اقدامات پر خاموش نہ رہنے اور بھرپور آواز بلند کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔