قومی اسمبلی اور سینٹ اجلاس میں آج فنانس ترمیمی بل پر بحث کا آغاز کیا جائیگا
اسلام آباد (وقائع نگار خصوصی) قومی اسمبلی اور سینٹ کے اجلاس آج پارلیمنٹ ہائوس میں ہوں گے قومی اسمبلی اور سینٹ کے اجلاس گذشتہ ہفتے عاشورہ محرم کی وجہ سے پیر تک ملتوی کئے گئے تھے دونوں ایوانوں میں حکومت کی جانب سے پیش کردہ فنانس ترمیمی بل2018پر بحث کا آغاز کیا جائیگا، قومی اسمبلی میں قائد حزب اختلاف شہباز شریف اور سینٹ میں قائد حزب اختلاف راجہ ظفر الحق منی بجٹ پر بحث کا آغاز کریں گے۔قومی اسمبلی میں وزیر اعظم کو ہر سیشن میں ایک دن ارکان کے سوالات کے جواب دینے کیلئے رولز میں ترامیم کی تحریک پیش کی جائے گی ۔حکومت کی جانب سے وزیر اعظم کے دورہ سعودی عرب اور بھارت کیساتھ حالیہ کشیدگی پر دونوں ایوانوں کو اعتماد میں لینے کا امکان ہے قومی اسمبلی کا اجلاس سپیکر اسد قیصر کی زیر صدارت ساڑھے چاربجے جبکہ سینیٹ کا اجلاس چیئرمین صادق سنجرانی کی زیر صدارت سہ پہر3بجے پارلیمنٹ ہائوس میں ہو گا۔ وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات فواد چوہدری پاکستان الیکٹرونک میڈیا ریگولیٹری اتھارٹی (ترمیمی)آرڈیننس پیش کریں گے جبکہ وزیر مملکت پارلیمانی امور علی محمد خان الیکشن ترمیمی آرڈیننس2018 قومی اسمبلی کے اجلاس میں پیش کریں گے۔قومی اسمبلی کے ایجنڈے میں مسلم لیگ (ن)کے ارکان کی جانب سے خوشحال خان خٹک ٹرین کو حادثے پر توجہ دلائو نوٹس پر وفاقی وزیر ریلوے شیخ رشید احمد ایوان کو آگاہ کریں گے۔ سینٹ کے ایجنڈے میں مختلف مجالس قائمہ کی رپورٹس میں پیش کی جائیں گی۔