کاہنہ: گھریلو جھگڑے پر فائرنگ کر کے بہنوئی کو چچا سمیت قتل کر دیا
کاہنہ (نامہ نگار) میاں بیوی کی لڑائی میں فائرنگ سے 2 افراد قتل، ایک زخمی ہو گیا۔ تفصیلات کے مطابق کاہنہ کے گائوں وڑائچ کے رہائشی بلال کی بہن کشور کی شادی اسی گائوں کے اعظم نامی نوجوان سے ہوئی تھی۔ دونوں میاں بیوی میں کسی بات پر جھگڑا ہو گیا، بیوی ناراض ہو کر میکے چلی گئی۔ گزشتہ روز کشور کے بھائی بلال اور زبیر اپنی بہن کو اس کے سسرال چھوڑنے آئے جہاں ان کی بہنوئی اعظم اور اسکے گھر والوں سے تلخ کلامی ہو گئی۔ کشور کے بھائی زبیر نے فائرنگ کر دی جس کے نتیجے میں بہنوئی اعظم اور اس کا چچا حیدر موقع پر جاں بحق جبکہ والد لطیف زخمی ہو گیا جسے ہسپتال منتقل کر دیا گیا۔