کلثوم کے چہلم تک نوازشریف سیاسی سرگرمیاں شروع نہیں کرینگے: مسلم لیگ (ن)
لاہور+ اسلام آباد (خصوصی رپورٹر+ وقائع نگار خصوصی) مسلم لیگ (ن) کی پارلیمانی پارٹی کا اہم اجلاس پیر کی شام پارلیمنٹ ہاو¿س میں پارٹی صدر و قائد حزب اختلاف شہبازشریف کی زیرصدارت منعقد ہوا۔ پارٹی ترجمان سابق وزیراطلاعات مریم اورنگزیب کے جاری کردہ بیان کے مطابق اجلاس کے آغاز میں بیگم کلثوم نواز کے ایصال ثواب کے لئے فاتحہ خوانی اور تمام اہلخانہ کے لئے صبرجمیل کی دعا کی گئی۔ شہبازشریف نے حکومت کے پیش کردہ منی بجٹ پر پارلیمانی پارٹی کے ارکان کو بریفنگ دی۔ پارلیمانی پارٹی اجلاس نے حکومت کے پیش کردہ بجٹ کو عوام دشمن قرار دیتے ہوئے اسے مکمل طورپر مسترد کردیا۔ اجلاس نے کہا عوام کو سہانے خواب دکھانے والی پی ٹی آئی ایک ڈراو¿نا خواب بنتی جارہی ہے۔ گیس، بجلی، پٹرول کی قیمتوں میں ہوشربا اضافے نے عوام بالخصوص غریبوں کی نیندیں اڑا دی ہیں۔ پارٹی نے عزم ظاہر کیا کہ عوام کے حقوق کے لئے مسلم لیگ (ن) پارلیمنٹ کے اندر اور باہر اپنا بھرپور کردار ادا کرے گی اور قوم کو مایوس نہیں ہونے دے گی۔ پارلیمانی پارٹی نے بھارتی آرمی چیف کے بیان کو امن دشمن، غیرذمہ دارانہ قرار دیتے ہوئے شدید مذمت کی اور اس عزم کا اظہارکیا مادروطن کے تحفظ، سلامتی اور دفاع کے لئے پوری قوم متحد اور یک زبان ہے۔ قوم اپنی بہادر مسلح افواج کے شانہ بہ شانہ ہے اور کسی بھی ’مس ایڈونچر‘ پر دشمن کو دندان شکن جواب دیا جائے گا۔ قوم اور فوج مل کر ملک کا دفاع کریں گے۔ اجلاس میں مقبوضہ جموں وکشمیر میں قابض بھارتی افواج کے انسانیت سوز مظالم کی مذمت کرتے ہوئے حکومت سے مطالبہ کیا گیا اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی میں اہل کشمیر کا مقدمہ پوری قوت سے اٹھایا جائے۔ دنیا کو مقبوضہ کشمیر میں انسانی حقوق کی پامالیوں کے سنگین واقعات سے آگاہ کیا جائے۔ اجلاس نے قائد محمد نواز شریف، مریم نواز اور کیپٹن (ر) محمد صفدر کی ضمانت پر رہائی پر وزیراطلاعات کے ’ڈیل اور ڈھیل‘ کے بیان کی مذمت کرتے ہوئے کہا یہ بیان آزادعدلیہ کی توہین ہے جس کا عدلیہ نوٹس لے۔ چوہدری فواد وزیر اطلاعات بنیں عدلیہ کے نمائندے نہ بنیں۔ اجلاس میں لوکل باڈیزکے موجودہ نظام کے تحفظ کا اعلان کرتے ہوئے فیصلہ کیا گیا بلدیاتی نظام پر حکومتی حملے کے خلاف بھرپور مزاحمت کی جائے گی اور بلدیاتی اداروں اور ان کے نمائندوں کے حقوق کی ہر سطح پر بھرپور حمایت اور تحفظ کریں گے۔ اجلاس میں کہا گیا پی ٹی آئی کا ایک اور یوٹرن قوم نے دیکھ لیا۔ الیکشن سے پہلے جو پروٹوکول ’حرام‘ تھا، اب ’حلال‘ ہوچکا ہے۔ کراچی میں صدرمملکت کے لئے لگائے گئے پروٹوکول پر شہری پر تشدد اور گرفتاری کی مذمت کرتے ہوئے مطالبہ کرتے ہیں اس شہری کو فی الفور رہا کیاجائے۔ یوٹرن پی ٹی آئی لے رہی ہے۔ شہریوں کو سوال کرنے پر سزا نہ دی جائے اور فوراً رہا کرنے کا مطالبہ کیا ہے۔ وقائع نگار خصوصی کے مطابق مسلم لیگ (ن) کی پارلیمانی کمیٹی کے اجلاس میں فیصلہ کیا گیا نوازشریف کلثوم نواز کے چالیسویں تک سیاسی سرگرمیاں شروع نہیں کریں گے۔ لاہور سے خصوصی رپورٹر کے مطابق مسلم لیگ ن کی ترجمان مریم اورنگ زیب نے کہا ہے مسلم لیگ ن نے حالیہ عام انتخابات میں مبینہ دھاندلی کی تحقیقات کے لیے قومی اسمبلی کی مجوزہ پارلیمانی کمیٹی کے لئے اپنے نمائندوں کے ناموں کا اعلان کر دیا۔ انہوں نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے بتایا احسن اقبال ، رانا ثناءاللہ، مرتضیٰ جاوید عباسی اور رانا تنویر حسین مسلم لیگ ن کی نمائندگی کریں گے۔ مزید برآں مسلم لیگ(ن) کی مشترکہ پارلیمانی پارٹی کا اجلاس آج منگل کو صبح دس بجے پارلیمنٹ ہاﺅس کے کمیٹی روم میں طلب کرلیا گیا ہے جس کی صدارت قومی اسمبلی میں قائد حزب اختلاف میاں شہبازشریف کریں گے۔
پارلیمانی پارٹی