• news

بغاوت کے مقدمہ کی درخواست‘ نوازشریف 8 اکتوبر کو ہائیکورٹ طلب

لاہور (اپنے نامہ نگار سے+ بی بی سی+ خصوصی رپورٹر) لاہور ہائےکورٹ نے بغاوت کے مقدمے مےں سابق وزےراعظم نواز شرےف کو 8 اکتوبر کو ذاتی حیثیت میں طلب کرلےا ہے۔ جبکہ اسی مقدمے مےں صحافی سیرل المیڈا کے ناقابل ضمانت وارنٹ گرفتاری جاری کرتے ہوئے اس کا نام ای سی ایل میں شامل کرنے کا حکم دے دےا۔ عدالت نے المیڈا کے بھی ناقابل ضمانت وارنٹ گرفتاری جاری کر دیئے ہیں جب کہ ڈی آئی جی آپریشنز نے آئندہ سماعت پر سیرل المیڈا کی پیشی یقینی بنانے کا حکم بھی دیا ہے۔ پےر کو لاہور ہائےکورٹ مےں سابق وزیر اعظم شاہد خاقان عباسی اور نواز شریف کیخلاف بغاوت کا مقدمہ درج کرنے کی درخواست پر سماعت ہوئی۔ جسٹس مظاہر علی اکبر نقوی کی سربراہی میں تین رکنی فل بینچ نے سابق وزرائے اعظم نواز شریف اور شاہد خاقان عباسی کے خلاف بغاوت کی کارروائی کے لیے درخواست کی سماعت کی۔ سابق وزیراعظم شاہد خاقان عباسی لاہور ہائیکورٹ پہنچ گئے۔ نواز شریف کے وکیل نصیر بھٹہ ایڈووکیٹ نے کہا کہ نواز شریف آئندہ سماعت پر پیش ہو جائیں گے۔ لوگ افسوس کے لیے آ رہے ہیں۔ نواز شریف نے چالیسویں کے بعد کی تاریخ رکھنے کی استدعا کی ہے، تو جسٹس مظاہر علی اکبر نقوی نے کہا کہ ٹھیک ہے مقدمے کو 8 اکتوبر کو سن لیں گے۔ شاہد خاقان عباسی لاہور ہائیکورٹ پہنچے۔ عدالت نے پہلے ہی شاہد خاقان عباسی کے وارنٹ گرفتاری جاری کر رکھے تھے۔ وکیل شاہد خاقان عباسی نصیر بھٹہ نے کہا آئندہ عدالت میں عدم پیشی نہیں ہو گی۔ تو جسٹس مظاہر علی اکبر نقوی نے ریمارکس دیئے کہ ہاں جی دیکھ رہا ہوں شاہد خاقان عباسی ایک لمبے آدمی ہیں۔ اظہر صدیق ایڈووکیٹ نے درخواست میں موقف اپنایا ہے کہ عام انتخابات سے چند روز قبل ایک انٹرویو میں سابق وزیراعظم نواز شریف مبینہ طور پر ریاستی اداروں کو بدنام کرنے کے مرتکب ٹھہرے تھے‘ جس پر ان کے خلاف غداری کے الزامات کے تحت کارروائی عمل میں لائی جائے۔ جبکہ سابق وزیراعظم شاہد خاقان عباسی مبینہ طورپر نیشنل سکیورٹی کونسل کے اجلاس کی تفصیلات سابق وزیراعظم نواز شریف کو بتانے سے حلف کی خلاف ورزی کے مرتکب ہوئے۔ پیر کو عدالت کی جانب سے سیرل المیڈا کے وکیل سے بیان حلفی مانگا گیا کہ ان کے موکل آئندہ سماعت پر عدالت میں ضرور پیش ہوں گے تاہم ان کے انکار پر عدالت نے ان کا نام نو فلائی لسٹ پر ڈالنے کا حکم دیا اور ان کے ناقابل ضمانت وارنٹ جاری کرتے ہوئے ڈپٹی انسپکٹر جنرل آف پولیس کو انہیں آئندہ سماعت پر پیش کرنے کا حکم دیا۔ بی بی سی سے بات کرتے ہوئے وکیل نے بتایا کہ نواز شریف آئندہ سماعت پر عدالت میں ضرور پیش ہوں گے۔ تاہم ان کا کہنا تھا کہ عدالت کو درخواست کو سننے کے بعد پہلے اس درخواست کے قابل سماعت ہونے نہ یا نہ کے حوالے سے جانچ کر لینی چاہئے تھی۔ دوسری جانب سابق وزیراعظم شاہد خاقان عباسی نے کہا کہ جب بھی عدالت طلب کرے گی پیش ہوجاﺅں گا‘ کیس ابھی چل رہا ہے ہم پیش ہوتے رہیں گے‘ ضمنی الیکشن 14 اکتوبر کو ہے فتح ہماری ہوگی۔ وہ این اے 124 کی یونین کونسل 171 کے چئرمین عامر خان کے دفتر میں شہباز شریف کی سالگرہ کا کیک کاٹنے کی تقریب میں میڈیا سے گفتگو کر رہے تھے۔ اس موقع پر مسلم لیگی رہنما سینیٹر اسد اشرف بھی موجود تھے۔ شاہد خاقان عباسی نے مذید کہا کہ نواز شریف آئندہ پیشی پر ضرور پیش ہوں گے۔ انہوں نے کہا کہ پی ٹی آئی کی حکومت نے بجلی، گیس کی قیمتوں میں اضافے کئے ہیں جسے مسلم لیگ (ن) مسترد کرتی ہے۔
بغاوت کیس

ای پیپر-دی نیشن