• news

بھارت کے ہاتھوں قومی ٹیم کی ہزیمت پر سلیم ملک پھٹ پڑے

لاہور( سپورٹس رپورٹر ) ایشیا کپ میں بھارت کے ہاتھوں قومی ٹیم کی پے درپے شکستوں پر سابق کپتان سلیم ملک پھٹ پڑے ، ٹیم بغیر کسی حکمت عملی کے کھیلتی دکھائی دے رہی ہے۔قومی کرکٹ ٹیم کے سابق کپتان سلیم ملک نے ایشیا کپ میں بھارت کے خلاف قومی کرکٹ ٹیم کی مسلسل شکستوں کوسرفراز احمد کی ناقص کپتانی اور غیر معیاری ٹیم کمبی نیشن کی مرہون منت قراردیتے ہوئے کہا ہے کہ جب ٹیم کے کپتان کا حوصلہ پست ہو تو وہ باقی ٹیم کو کیسے لے کر چلے گا۔ لاہور میں میڈیا سے گفتگو میں قومی ٹیم کے سابق کپتان سلیم ملک کا کہنا تھاکہ قومی کرکٹ ٹیم کی ایشیا کپ میں پرفارمنس لمحہ فکریہ ہے، بھارت کے ہاتھوں لگاتار دوسری شکست نے غیرملکی کوچز کی پلاننگ اور اہلیت پر سوالیہ نشان لگادیا ہے،ہماری ٹیم کا بیلنس اچھا نظر نہیں آیا، متحدہ عرب امارات میں بیٹنگ میچ جتواتی ہے باؤلنگ نہیں، تاہم بابر اعظم اور شعیب ملک کے سوا کوئی بلے باز نہیں ہے جو اس وقت ٹیم کو لے کر چلے۔ اس وقت ٹیم کو مڈل آرڈر میں محمد حفیظ اور عمر اکمل جیسے تجر بہ کار بلے بازوں کی ضرورت ہے،اگر عمر اکمل کے دسپلن کا کوئی معاملہ ہے تو اس کو بیٹھ کر حل کیا جاسکتا ہے تاہم کسی بھی کھلاڑی کو محض ڈسپلن کو بنیاد بناکر ٹیم سے ڈراپ کرنانا انصافی ہے ،سلیم ملک نے قومی ٹیم کے کپتان پر تنقید کرتے ہوئے کہا کہ سرفراز احمد کا نمبر چار پر بیٹنگ پر آنا غلط فیصلہ ہے، کپتان سرفراز احمد کو بظاہر یہ معلوم نہیں ہوتا کہ اس نے کیا کرنا ہے کہاں کھیلنا ہے، جب ٹیم کے کپتان کا حوصلہ پست ہو تو وہ باقی ٹیم کو کیسے لے کر چلے گا، کپتان کی ذمہ داری بنتی ہے کہ وہ ٹیم کے کھلاڑیوں کو ساتھ لے کر چلے، دباؤ سے نکلیں اور دوسروں کو بھی کھل کر کھیلنے دیں ، ہر موومنٹ پر روک ٹوک مناسب نہیں۔سلیم ملک کا کہنا تھا کہ کوچ کو کھلاڑیوں کو کہنا چاہئے کہ وہ اپنے قدرتی انداز میں کرکٹ کھیلیں، ٹیم انتظامیہ جب اپنے اچھے کھلاڑی کو یہ کہے کہ آپ ٹیم سے باہر ہونے لگے ہیں تو وہ مزید دباؤ میں آ جائے گا۔سلیم ملک نے کہا کہ فخر زمان کو دباؤ میں سمجھ نہیں آرہا کہ وہ گیند کو روکے یا ہٹ کرے، حریف ٹیموں نے اس کے خلاف ہوم ورک کررکھا ہے، اس مشکل وقت میں اب ایسے منوانا ہوگا کہ وہ بڑا بلے باز ہے۔

ای پیپر-دی نیشن