• news

بھارتی حکومت اور آرمی چیف مل کر کشمیریوں پر ظلم ڈھارہے ہیں‘صدر آزاد کشمیر

اسلام آباد(آن لائن) آزاد جموں و کشمیر کے صدر سردار مسعود خان نے مقبوضہ کشمیر میں بدترین انسانی سلوک پر افسوس کا اظہار کیا ہے۔اپنے ایک بیان میں مسعود خان نے بھارتی حکومت اور آرمی چیف کی جانب سے متنازع بیانات کی شدید الفاظ میں مذمت کی ۔صدر آزاد کشمیر نے کہا کہ کشمیری عوام کی آواز کو دبانے کیلئے دونوں مل کر ظلم و ستم ڈھا رہے ہیں۔بھارتی فورسز نے خطے کو جنگی زون میں بدل دیا ،جہاں غیر مسلح شہریوں کو سرچ آپریشن کے نام پر تشدد کا نشانہ بنایا جاتا ہے۔سردار مسعود خان نے کہا کہ بھارت آزادی، انصاف اور خود ارادی کے کشمیری مطالبے کی بنا پر پورے کشمیر کو سزا دے رہا ہے۔انہوں نے دوٹوک الفاظ میں کہا کہ عالمی سطح پر جموں و کشمیر کو متنازع تسلیم کیا جا چکا ہے اور جب کشمیریوں نے اس کے سیاسی حل کی بات کی تو بھارتی فوجیوں نے کشمیری نوجوانوں کو شہید کیا، پیلٹ گن سے انہیں اندھا کیا، اغوا کرکے تشدد کا نشانہ بنایا اور ان کے گھر اور کاروباری مراکز تباہ کیے۔سردار مسعود خان نے اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی کے اجلاس کی سائیڈ لائن میں پاکستان، بھارت وزرائے خارجہ کی ملاقات کے حوالے سے کہا کہ بھارتی انکار کی وجہ حکمران جماعت بھارتیہ جنتا پارٹی (بی جے پی) پر ہندو انتہا پسند تنظیم راشٹریہ سوامی سیوک سنگھ (آر ایس ایس) کا دباؤ ہے۔انہوں نے کہا ’ہمارے لیے بدترین صورتحال یہ ہے کہ بھارت جان بوجھ کر نفرت آمیز اور اکسانے والے بیانات کے ذریعے کشمیر میں اپنا تسلط قائم کرنے کی کوشش کر رہا ہے۔

ای پیپر-دی نیشن