• news

سندھ نیشنل پارٹی کا 30 ستمبر کو کالاباغ سمیت ڈیموں کیخلاف گورنر ہائوس کے سامنے احتجاج کا اعلان

کراچی(آن لائن)سندھ نیشنل پارٹی کی طرف سے کالاباغ ڈیم سمیت تمام ڈیم نامنظور 30 ستمبر کو گورنر ہائوس کے سامنے احتجاج (سندھ بچائو مارچ) کو کامیاب بنانے کے لئے پارٹی کی مرکزی قیادت کا کراچی کے مختلف سندھی گوٹھوں میں جاکر علاقے کے معززین اور پارٹی کارکنان سے بات چیت کرتے ہوئے پارٹی کے مرکزی سینئر وائس چیئرمین رمضان بلیدی، وائس چیئرمین سائیں بخش بنگلانی، امیر کمبرانی، طارق خاصخیلی و دیگر نے کہا کہ سندھ کا عوام کالاباغ ڈیم سمیت کوئی بھی سندھ دشمن منصوبہ قبول نہیں کرے گا۔ جو جماعتیں ڈیم کی حامی ہیں اصل میں ملک کی خیر خواہ نہیں۔ زبردستی سندھ دریا پر ڈیم کو قائم کرنا مردہ گھوڑے میں روح ڈالنے کے برابر ہے۔ سندھ نیشنل پارٹی کے مرکزی رہنمائوں نے مزید کہا کہ وفاق نے جب بھی فیصلہ کیا ہے وہ ہمیشہ سندھ دشمنی پر مبنی ہوتا ہے۔ جو سندھ سے سراسر تعصب پرستی ہے۔ اس وقت ملک کے تینوں صوبے ڈیم کی مخالفت کر رہے ہیں۔ سندھ کا بچہ بچہ اور ہر سندھ پرست سندھ دوست اپنی گردن تو کٹوا سکتا ہے مگر وفاق کے سامنے گھٹنے نہیں ٹیکے گا اور نہ ہی ڈیم کو قائم کرنے دے گا۔

ای پیپر-دی نیشن