بھکر: نامعلوم وجوہات پر ہم عمر دوست کو اغوا کے بعد قتل کر ڈالا
بھکر (نامہ نگار) ہم عمر نوجوان دوست کو اغوا کے بعد بے دردی سے موت کے گھاٹ اتار دیا۔ اقرار جرم کے بعد نشاندہی پر زمین میں دفن کی گئی نعش پولیس نے برآمد کر لی، نواحی علاقہ سرائے مہاجر سے گزشتہ روز غائب ہونے والے نوجوان کی نعش برآمد ہوگئی۔ واقعات کے مطابق محمد یوسف کی نعش ویران مکان سے ملی پولیس نے ایک شخص گرفتار کر لیا۔ گزشتہ روز تھانہ سرائے مہاجرکا تاجر محمد یوسف جوکہ گیس کا کاروبارکرتا تھا، اپنی دکان سے غائب ہوگیا، ورثاء کی طرف سے کافی دیر تک تلاش کرنے کے باوجود جب نہ ملا تو مقامی پولیس سٹیشن میں رپٹ درج کرائی گی۔ ڈی پی او نے اس واقعہ کی اطلاع ملتے ہی گمشدہ تاجرکی تلاش کا حکم دیا، تھانہ سرائے مہاجر پولیس نے شک گزرنے پر تاجر محمد یوسف کے دوست 18سالہ اسد کو حراست میں لے لیا۔ ابتدائی تفتیش کے دوران ملزم نے اعتراف جرم کرتے ہوئے مقتول کی نعش اپنے گھر سے ملحقہ ویران مکان سے برآمد کروا دی ، قاتل نے بتایا کہ مقتول کو بہانہ کیساتھ اس کی دکان سے اغوا کر کے اپنے مکان پر لے گیا، فائرنگ کرکے قتل کردیا۔ نعش زمین میں گڑھا کھود کر اپنے گھر سے ملحقہ مکان میں دفنا دی۔ جس پر پولیس نے ملزم کی نشاندہی پر نعش برآمدکر کے پوسٹمارٹم کیلئے ہسپتال بھجوادی، مدعی کی درخواست پر مقدمہ درج کرنے کے بعد تفتیش کا عمل شروع کردیا ہے۔ مقتول سرپرست تاجران سرائے مہاجر الحاج عبدالقیوم کے بھتیجے تھے۔