بھیرہ: خودکشی کیلئے موبائل ٹاور پر چڑھنے والے جوان سے اسسٹنٹ کمشنر کے مذاکرات کامیاب
بھیرہ ( نامہ نگار) بیروز گاری سے تنگ 25 سالہ نوجوان خودکشی انٹرچینج بھیرہ کے قریب موبائل کمپنی کے ٹاور پر چڑھ گیا۔ 6 گھنٹے گزرنے کی باوجود نوجوان کو ریسکیو نہیں کیا جا سکا اور نہ ہی ریسکیو اہلکار موقع پر پہنچ سکے۔ ٹاور کے نیچے ایک کاغذ پر نوجوان نے تحریر چھوڑی کہ ایم این اے، ایم پی اے یا سرکاری افسران نے اسے ملازمت نہ دی تو وہ خود کشی کر لے گا۔ اسسٹنٹ کمشنر بھیرہ میاں رفیق احسن نے موقع پر جا کر نوجوان سے بات چیت کر کے اسے ٹاور سے نیچے اترنے پر آمادہ کیا۔ نوجوان نے اپنا نام آزاد خان بتایا ہے۔ وہ پنڈ داد نخان کا رہائشی ہے اس کا والد پاک آرمی سے ریٹائرڈ حوالدا ر ہے اور وہ پانچ بہن بھائی ہیں۔ اس نے بتایا کہ بے روزگاری سے تنگ آکر وہ یہ انتہائی قدم اٹھانے پر مجبور ہوا ہے۔ اسسٹنٹ کمشنر اسے اپنے ساتھ دفتر میں لے آئے اسے یقین دلایا کہ وہ اس کی ملازمت کے لیے افسران بالا سے رابطہ کریں گے۔