• news

میانمار فوج نے منظم طریقے سے روہنگیا مسلمانوں کوقتل ، خواتین سے زیادتی کی :امریکہ

واشنگٹن (اے ایف پی) امریکہ نے اعتراف کیا ہے کہ اسے میانمار میںروہنگیا مسلمان اقلیت پر تشدد، وسیع پیمانے پر ہلاکتوں اور عصمت دری کے واقعات کے ثبوت مل گئے ہیں۔ یہ بات میانمار پر ہونے والی اقوام متحدہ کی ایک میٹنگ میں بتائی گئی جس میں روہنگیا پناہ گزینوں کے لئے 185 ملین ڈالر کی امداد کا اعلان بھی کیا گیا۔ یہ رپورٹ سٹیٹ ڈیپارٹمنٹ نے اس انٹرویو کی روشنی میں تیار کی جو رفیوجی کیمپس میں مقیم 1024 روہنگیا نوجوانوں سے کیا گیا جس میں انہوں نے اپنے ساتھ پیش آنے والے حالات کے بارے میں بتایا۔ ان کے بیانات کافی حد تک ہیومن رائٹس گروپ کی رپورٹ کے ساتھ میل کھاتے تھے۔ میانمار کی ریاست رخائن میں بودھ اکثریت اقلیتی روہنگیا مسلمانوں سے شدید نفرت کرتی ہے اور انہیں شہری ماننے کو تیار نہیں ہے۔ سٹیٹ ڈیپارٹمنٹ کے انٹیلی جنس بیورو نے بتایا کہ شمالی رخائن میں ہونے والا تشدد وسیع پیمانے پر ہوا اور بہت ہولناک تھا۔ جس سے اندازہ ہوتا تھا کہ روہنگیا مسلمانوں کو دہشت گردی کے ذریعے ملک سے باہر نکالا جا رہا ہے۔ کچھ مسلمانوں میں تشدد پسندوں نے ایسی کارروائیاں کیں جن کا مقصد وسیع پیمانے پر قتل عام تھا مثلاً انہوں نے لوگوں کو گھروں میں بند کرکے آگ لگائی۔ دیہات کی ناکہ بندی کرکے فائرنگ کی اور مسافروں سے بھری ہوئی کشتیاں ڈبو دیں۔

ای پیپر-دی نیشن