• news

مضاربہ سکینڈل : مرکزی ملزم مفتی احسان کو 10سال قید اور 9ارب جرمانے کی سزا

اسلام آباد( آن لائن ) احتساب عدالت کے جج محمد ارشد ملک نے اسلامی سرمایہ کاری کے نام پر بھاری منافع کا جھانسہ دیکر عوام سے فراڈ کا جرم ثابت ہونے پر مضاربہ سکینڈل کے مرکزی ملزم مفتی احسان کو10سال قید اور9ارب روپے جرمانے کی سزا سنا دی۔ جرمانے کی عدم ادائیگی پر جائیداد ضبط کرنے کا حکم دے دیا۔ تفصیلات کے مطابق بدھ کے روز احتساب عدالت کے جج محمد ارشد ملک نے بدنامِ زمانہ مضاربہ سکینڈل کیس کا فیصلہ سنا دیا۔ ملزمان پر 8.23ارب روپے کے فراڈ کا الزام تھا۔ اسلامی سرمایہ کاری کے نام پر بھاری منافع کا لالچ دیکر عوام سے فراڈ کا الزام ثابت ہونے پر مضاربہ کیس کے مرکزی ملزم مفتی احسان کو10سال قید اور9ارب جرمانے کی سزا سنا دی جبکہ ریفرنس میں نامزد دیگر 7شریک ملزمان کو بھی قید اور جرمانے کی سزائیں سنائی گئیں۔ احتساب عدالت کے فیصلے کے مطابق جرمانے کی عدم ادائیگی پر مجرموں کی جائیدادیں بھی ضبط کرنے کا حکم دیدیا گیا۔

ای پیپر-دی نیشن