• news

عمران سے پاکستان کو مدینہ کی ریاست نہیں تل ابیب بنانے کی توقع ہے : فضل الرحمن

ملتان (نامہ نگار خصوصی) جمعیت علماء اسلام( ف )کے سربراہ مولانا فضل الرحمن نے کہا ہے کہ عمران خان سے پاکستان کو مدینہ کی ریاست بنانے کی توقع نہیں ان سے تل ابیب بنانے کی توقع رکھیں ۔ موجودہ حکومت کو عوامی مینڈیٹ حاصل نہیں بلکہ ڈاکے کے نتیجے میں وجود میں آنے والی حکومت کو عوام کی نمائندہ حکومت تسلیم نہیں کرتے تمام سیاسی جماعتیں عوام اور جمہوریت کی بات کرتے ہیں تو ہمیں ایک پیج پر آنا ہو گا حکومت کی خارجہ پالیسی پہلے دن ہی فلاپ ہو گئی اگر پاکستان کو دھمکی دی جاتی ہے پھر پوری قوم فوج کی پشت پر ہے کشمیر میں بھارتی مظالم پر حکومت کچھ نہیں کر رہی۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے گزشتہ روز ملتان میں جامع قاسم العلوم میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔مولانا فضل الرحمن نے مزید کہا کہ سی پیک منصوبہ معاہدہ پاکستان کے مستقبل کیلئے ریڑھ کی ہڈی کی اہمیت رکھتا ہے لیکن موجودہ حکومت نے اس منصوبے کے معاہدے پر اعتراض کیا اگر کوئی اور ہوتا تو اس کی حب الوطنی پر سوال اٹھ چکے ہوتے حکومت نے چین کے اعتماد کو نقصان پہنچایا جس کی تلافی کیلئے آرمی چیف کو خود چین جانا پڑا انہوں نے کہا کہ پوری قوم کو اتحاد یکجہتی کا مظاہرہ کرنا ہو گا میاں نوازشریف سے بات کی ہے آصف زرداری سے بھی بات کرونگا ہم ماضی کی باتوں کو چھیڑ کر مستقبل کو تقسیم نہیں کرنا چاہتے۔ سو دن کا انتظار جب کرتے وہ تو ایک ماہ میں بے نقاب ہو چکے ہیں ۔

ای پیپر-دی نیشن